ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
|
( ملفوظ 313 ) عرس کے بارے میں حضرت نظام الدین اولیا رحمت اللہ کا ارشاد : فرمایا کہ ایک بزرگ کے مرید نے ایام عرس میں حضرت سلطان نظام الدین اولیا کے مزار پر جانے کی اجازت چاہی ان بزرگ نے فرمایا کہ سماع میں شریک نہ ہونا اور مزار پر یہ پڑھنا اور متوجہ ہونا اس طرح چنانچہ وہ مرید گئے اور ایساہی کیا متوجہ ہونے کی حالت میں حضرت نظام الدین اولیا کے مزار سے یہ آواز سنی ۔ ایں بدبختا دماغ مارا پریشان می کنند (ملفوظ 314) ہم شکل کی وجہ سے پیار : فرمایا کہ ایک وکیل کہتے تھے مجھ کو ایک بڑھیا اپنے گھر لے گئی اور وہاں مجھ کو خوب حلوا کھلایا انہوں نے اس کا سبب دریافت کیا کہنے لگی کہ میرا ایک لڑکا پردیس میں گیا ہے اس کی بھی ایسی ہی شکل ہے چونکہ تم میرے بیٹے کی ہم شکل ہو اس لیے میرا دل چاہا اسی طرح جو شخص رسول اللہ کی ہم شکل اتباع سنت کرکے بن جائے گا اللہ تعالٰی اسی طرح اس سے محبت کریں گے (ملفوظ 315) لٹھا پھٹنے کی آواز سے خوشی : فرمایا کہ کانپور میں ایک شخص بازار میں آیا اور اس نے بزاز سے ایک گز لٹھا مانگا جب بزاز نے لٹھا پھاڑا تو وہ شخص اس لٹھے کے پھٹنے کی آواز سن کر بہت خوش ہوا اور کہنے لگا کہ آہا کیسی اچھی آواز ہے اور بزار سے کہا کہ ایک گز اور پھاڑ دو پھر اس کی آواز سن کر وہی حالت ہوئی غرض کہ اس نے اسی طرح کئی گز لٹھا اور اس کے پھٹنے کی آواز سن کر بہت خوش ہوتا تھا۔ 2 جمادی الاول 35 ھ بروز یکشنبہ (ملفوظ 316) طلباء کو سبق یاد نہ کرنے کی وجہ سے جرمانہ : ایک مولوی صاحب نے جو کہ مدرسہ امدادالعلوم میں مدرس ہیں طلباء پر سبق یاد نہ کرنے کے جرم میں بلا اجازت ومشورہ حضرت والا کے کچھ جرمانہ کیا جب حضرت والا کو اطلاع ہوئی تو مولوی صاحب کو بلا کر فرمایا کہ آُ طلباء پر جرمانہ کیا ہے ۔ انہوں نے اقرار کیا پوچھا گیا کہ یہ جائز کہاں ہے انہوں نے یہ کہا کہ مالکوں ہی کو بعنوان انعام دیدیا جائے گا ۔