ملفوظات حکیم الامت جلد 18 - یونیکوڈ |
|
11 جمادی الآخر 1335 ھ بروز پنجشنبہ ( ملفوظ 430 ) جواز مناظرہ میں شبہ : فرمایا کہ مجھے تو آجکل منا ظرہ کے جواز میں بھی شبہ ہے بجز غلبہ کی نیت طلب حق تو بالکل نہیں مقصود ہوتی ۔ ( ملفوظ 431 ) مناظرہ کے انکار کا جواب ایک صاحب نے تار میں لکھا تھا کہ اگر فلاں جگہ سے خط مناظرہ کی بابت آیا ہوں تو اس کا جواب نہ دینا اور فلاں مولوی صاحب کا نام بتلادینا فرمایا کہ ہم اپنی طرف سے انکار مناظرہ کا کردیں گے ۔ ہم دوسروں کا نام کیوں بتلائیں ۔ کیا وہ مولوی صاحب مفت کے ہیں یا تمام لولویوں کی طرف سے فدیہ ہیں کہ جو ان سے کام لیا جائے ۔ 12 جمادی الآخر 1335 ھ بروز جمعہ ( ملفوظ 432 ) بازار میں وعظ کہنے کا اثر اچھا نہیں : فرمایا کہ بازاروں میں وعظ کہنے کا اچھا اثر نہیں ۔ میں بھی پہلے کہا کرتا تھا مگر وہاں وعظ کہنے کی وقعت نہیں ہوتی ۔ جیسی کہ مسجد وغیرہ میں بیان کرنے سے ہوتی ہے البتہ اگر تبلیغ نہ ہو چکی ہوتی تو ضرورت تھی اس بات کی کہ میلوں ٹھیلوں وغیرہ میں سب جگہ جاکر وعظ کہنا پڑتا ۔ ( ملفوظ 433 ) بی بی کے تپھڑ ماروں گا میاں کی پگڑی وہاں جاگریگی : فرمایا کہ ایک ہیجڑا زنانے کپڑے پہن کر بنئیے کی دوکان پر آیا اور آکر مر مرے کھانے لگا اب بنیہ سوچنے لگا کہ اس کو منع کر نے کے لیے مؤنث کا صیغہ بولوں یا مزکر ۔ بہت دیر کے بعد مزکر و مؤنث دونوں کے صیغوں کو ملا کر اس طرح بولا کہ بہت دیر سے کھارہی ہے کھارہی ہے نہیں مانتی نہیں مانتا بی بی کے ایک تپھڑ ماروں گا ۔ میاں کی پگڑی وہاں جاکر گرے گی ۔