پہونچ جائے، ہر بات اب نظام کے ماتحت ہونی چاہئے اس کے لئے حلف رازداری دلایا جائے، میں نے اس کی ضرورت نہیں سمجھی، مگر دوسرے پر جوش طلبہ نے اسے بہت ضروری قراردیا،اس کیلئے کچھ الفاظ تجویز ہونے لگے جو انسانی زندگی کیلئے بہت سخت تھے ،میں نے انھیں تسلیم نہیں کیا،بس یونہی زبانی رازداری کااقرارلے لیاگیا۔
تجویز میں یہ بات پاس ہوئی کہ
(۱) طلبہ نے مدراسی کی حمایت میں جویلغار کی وہ غلطی ہوئی،مہتمم صاحب سے اس کی معافی مانگ لی جائے۔
(۲) جمعیۃ الطلبہ جوطلبہ نے قائم کرلی ہے، اسے منظوری دی جائے۔
(۳) جوطلبہ اس تحریک میں سامنے آگئے ہیں انھیں معاف کیاجائے اوران کا اخراج نہ کیاجائے۔
طے ہواکہ نمبر۲ کوتوابھی ذکرنہ کیاجائے،(۱) اور(۳) کیلئے ایک تحریری معذرت نامہ لکھ کر دارالاہتمام میں پیش کردیاجائے، امتحان ششماہی کے بعد انجمن کے مسئلہ کو چھیڑا جائے۔
اسی پر میٹنگ برخواست ہوگئی۔
جمعہ کے روز علی الصباح بازار سے لاوڈاسپیکر لایاگیا،طلبہ کو رات کی میٹنگ کے نتائج کاانتظار تھا ،صبح کو اتفاق سے بارش ہوگئی،میدان میں طلبہ کے جمع ہونے کا موقع نہ رہا، دارجدید کے برآمدے میں لاؤڈ اسپیکر فٹ کیاگیا،زیادہ ترطلبہ آگئے میں نے اعلان کیاکہ امتحان ششماہی کا وقت قریب ہے، طلبہ اس کی تیاریوں میں لگیں ،سکون واطمینان سے امتحان دیں اورباقی ضروری کام ان شاء اللہ امتحان کے بعد طے کئے جائیں گے،اس اعلان پر طلبہ مطمئن ہوگئے، ہم لوگوں نے جو معذرت نامہ تیارکیا تھا، اسے چند طلبہ مل کر حضرت مہتمم صاحب کو دیناچاہتے تھے، مگر وہ سفر میں تھے، مجبوراًنائب مہتمم کو درخواست دی ،انھوں نے بڑی بے اعتنائی سے لے کر ڈسک میں یہ کہتے ہوئے ڈال دی کہ حضرت مہتمم صاحب