ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
|
ہے ۔ میں ہمدردی کی بناء پر مشورہ دیتا ہوں کان کھول کر سن لیجئے کہ یہاں پر تو محض اس لئے آنا چاہئے کہ مجلس میں خاموش بیٹھا رہے اور باتیں سنا کرے اس میں بھی یہ شرط ہے کہ جو بات سمجھ میں نہ آوے اس کے متعلق سوال نہ کیا جائے اس کو چھوڑ دیا جاوے پھر کسی دوسرے وقت ان شاء اللہ سمجھ میں آجاوے گی ۔ یہاں کا آنا تو محض اس لئے ہو کہ وہ باتیں سنے جن کی دوسری جگہ کانوں میں پڑنے کی امید نہ ہو ۔ آپ سکوت کرکے دیکھیں اور پھر یہاں سے جاکر جو اس کا نفع محسوس ہو اس کی اطلاع دیں ۔ آپ ہی انصاف کیجئے کہ یہاں پر تو ہر وقت علماء کا مجمع رہتا ہے تو کیا ہر وقت مسائل کی تحقیق کیا کروں ۔ دوسرے میں خود اپنی ضرورت کےوقت دوسرے علماء سے مسائل پوچھ پوچھ کر عمل کرتا ہوں مجھ کو پورا استحضار بھی نہیں رہا ۔ یہ کام دوسری جگہ بڑے اہتمام سے ہو رہا ہے اور جو کام یہاں پر ہو رہا ہے وہ دوسری جگہ نہیں ہو رہا ۔ میرا یہ بھی تجربہ ہے کہ جو یہاں پر آکر مسائل فقہی کی تحقیق کرتے ہیں وہ دوسرے مقصود سے بالکل محروم ہوتے ہیں ۔ یہاں پر رہ کر اپنے کو مٹانا چاہئے فنا ہو کر بیٹھنا چاہئے اس طریق کا یہی ادب ہے کہ یہ بھی پتہ نہ چلے کہ یہ صاحب علم ہیں اس طرز سے سوالات کرنے میں اپنے علمل کی جھلک مارتی ہے کہ ہم بھی صاحب علم ہیں اس سے بھی شرم آنا چاہئے کچھ معلوم بھی ہے کہ ایسے سوالات سے فیض بند ہو جاتا ہے اس لئے کہ اس کا مدار بشاشت واشراح قلب پر اور ایسی باتوں تکدر اور انقباض ہو جاتا ہے اس لئے فیض بند ہو جاتا ہے بہت ہی نازک بات ہے ۔ محقیقین نے فرمایا ہے کہ شیخ سے کتاب نہیں پڑھنی چاہئے وجہ یہ ہے کہ اس میں قیل وقال ہوتی ہے اور یہ استاد شاگردی ہی میں مناسب ہے ۔ پیری مریدی میں مناسب نہیں ۔ میں کسی بات کا اخفا کرنا نہیں چاہتا صاف کہتا ہوں کہ میں تو گویا بغدادی قاعدہ پڑھاتا ہوں ۔ میں نے اپنے ذمہ ایک چھوٹا کام لے لیا ہے ۔ اور حضرات بڑے بڑے کام کر رہے ہیں مگر یہ چھوٹا کام ایسا ہے کہ دوسری جگہ کہیں نہیں ہو رہا ہے جس مکتب میں الف بے تے پڑھائی جاتی ہو وہاں شمس بازغہ لے کر بیٹھنا نادانی ہے ۔ میں تو کھلم کھلا کہتا ہوں کہ عالم بننا ہو اور جگہ جائیے کام بننا ہو اور جگہ جایئے ۔ بزرگ اور ولی بننا ہو اور جگہ جایئے ۔ قطب اور غوث بننا ہو اور جگہ جایئے ۔ آدمی بننا ہو انسان بننا ہو یہاں آیئے دیکھئے وضوء نماز کے مقابلہ میں گھٹیا چیز ہے مگر بدوں وضو نماز نہیں ہوتی تو میں وضو کراتا ہوں نماز کہیں اور جاکر پڑھو ۔ میں اس کا مدعی نہیں ہوں کہ یہ کام جو میں کر رہا ہوں عظیم الشان کام ہے نہیں بلکہ سب سے گھٹیا درجہ کا ہے دوسری جگہ شعائر کی تعلیم ہوتی ہے اور یہاں