ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
|
(355) بے پردہ عورت کے ہاتھ کے پکے ہوئے کھانے کا حکم فرمایا کہ آج ایک صاحب کا خط آیا ہے لکھا ہے کہ ایک عورت ہے جو بے پردہ ہے ۔ بھنگی چماروں تک کے سامنے آتی ہے اور آوارہ پھرتی ہے اور خاوند بھی ایسا ہی ہے اس عورت کے ہاتھ کا پکا ہوا کھانا کھانا کیسا ہے ۔ میں نے لکھ دیا ہے کہ جب کافر کے ہاتھ کا کھانا جائز ہے تو وہ مسلمان ہے ۔ اور یہ بھی لکھا ہے کہ باعتبار فتوے کے کیا حکم ہے اور باعتبار تقوے کے کیا حکم ہے ۔ میں نے لکھ دیا ہے کہ کسی متقی سے پوچھو ۔ اس پر فرمایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ خود تو کوئی کام خلاف شرع کرتے ہی نہیں معلوم ہوتے ۔ جنید وقت معلوم ہوتے ہیں یہ خناس لوگوں کے دماغوں میں بھرا ہے ۔ فتوی حاصل کرکے دوسرے مسلمانوں کو ذلیل سمجھنا یا ذلیل کرنا مقصود ہے ۔ سو میرے جواب سے بحمد اللہ اس قسم کی گنجائش نہیں ملتی ۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ میرے جواب سے خوش نہیں ہوتے بلکہ پچتاتے ہیں کہ فضول ڈہائی آنہ بھی کھوئے ۔ ان متکبروں کی یہ حالت ہے کہ دوسروں پر تو اگر مکھی بھی بیٹھ جائے تو اعتراض اور اپنے کیڑے پڑے ہوئے ہیں ان کی بھی خبر نہیں مگر یہاں پر ایسے منکروں کا اللہ کے فضل سے خوب دماغ درست ہوتا ہے ۔ (356) دوسروں کو ایذاء سے بچانے کا اہتمام فرمایا کہ ایک صاحب کا خط آیا ہے جواب کے لئے بجائے اندر لفافہ رکھنے کے پانچ پیسہ کا ٹکٹ رکھا ہے ۔ میں اس پر اکثر شکایت لکھا کرتا ہوں کہ اگر بجائے ٹکٹ رکھنے کے لفافہ رکھ دیتے تو مجھ کو پریشانی نہ ہوتی اس لئے کہ بعض اوقات ٹکٹ گر جاتا ہے اس کی تلاش میں تکلیف ہوتی ہے ان کو یہی لکھا جواب میں ٹکٹ بھیجنے کی وجہ یہ لکھتے ہیں کہ وزن زائد ہو جانے کی وجہ سے ٹکٹ بھیج رہا ہوں ۔ میں نے لکھا ہے کہ یہ عذر عجیب ہے وزن کرکے دیکھ لیا ہوتا ۔ پھر لکھتے ہیں کہ لفافہ موجود بھی نہیں ۔ میں نے لکھا کہ موجود کرنے سے موجود ہو سکتا تھا ۔ کچھ نہیں اس کی پرواہی نہیں کہ ہماری اس حرکت سے دوسرے کو تکلیف ہو گی ۔ (357) دستی خط لانا مضر ہے ایک نو وارد صاحب نے حاضر ہو کر بعد مصافحہ ایک اور صاحب کا دستی خط حضرت والا کی