ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
|
نہیں ہوتا ۔ مثلا کثرت سے مقدار میں پیشاب جمع ہو اور اس میں تھوڑی مقدار میں پاک پانی ڈال دیا جائے وہ ناپاک ہی ہو گا اور اگر کثرت سے مقدار میں پاک پانی جمع ہو اور اس میں تھوڑی سی مقدار میں پیشاب ڈال دیا جائے تو وہ پاک رہے گا ۔ (192) زمانہ تحریکات میں حضرت حکیم الامت کا مسلک ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ اللہ کا شکر ہے اور احسان ہے کہ زمانہ تحریکات میں معذرت کےلئے مجھ کو کسی کے در پر نہیں جانا پڑا ۔ سب یہاں ہی پر آئے اور معافیاں چاہیں ۔ میں نے سب کو دل سے معاف کر دیا اس خیال سے کہ میں خود اللہ تعالی کا خطا وار ہوں وہ مجھ کو معاف فرما دیں گے ۔ دوسرے میرا اس میں کونسا نفع ہے کہ میری وجہ سے ایک مسلمان کو عذاب ہو میں نے اللہ سے دعاء کی ہے کہ میری وجہ سے کسی سے مواخذہ نہ فرمایا جائے ۔ آخرت کا مواخذہ بڑا ہی زبردست اور خطرناک ہے حق تعالی سب مسلمانوں کو اس وقت کے مواخذہ اور عتاب سے محفوظ فرمائیں کون برداشت کر سکتا ہے ۔ ایک مولوی صاحب جو زمانہ تحریک میں نہایت زبردست خلاف پر تھے انہوں نے ایک رسالہ میرے پاس تقریظ کےلئے بھیجا ہے میں ان سے ایک سوال کرتا مگر کیا کروں ایسی باتوں کی اپنی عادت نہیں ۔ جی شرماتا ہے ۔ سوال یہ کرتا کہ پہلے تو میں گمراہ تھا مضر اسلام تھا کیا اب اس قابل ہو گیا کہ رسائل پر تصدیق لکھوں حالانکہ میرے اب بھی وہی عقائد ہیں وہی مسلک وہی مشرب وہی مذہب ہے جو زمانہ تحریک میں تھا میں ایک انچ بھی اپنے خیالات سے نہیں ہٹا اور نہ ہٹ سکتا ہوں اس لئے کہ میں ان خیالات کو حق سمجھتا ہوں ان ہی لوگوں کا طرز بدل گیا ۔ خدا معلوم کیا سمجھ کر کھڑے ہوئے تھے اور کیوں ہٹ گئے اب مہ ململ حرام ہے نہ ڈھاکہ نہ چکن سب وہی استعمال کر رہے ہیں اس وقت ایک عجب ہڑبونگ تھا حق ناحق کا تو ذکر ہی کچھ نہ تھا جو زبان سے نکل گیا وہی حق تھا ۔ (193) ایک بے جوڑ معجون مرکب رسالہ ایک صاحب نے تقریظ کےلئے بذریعہ ڈاک ایک رسالہ بھیجا ۔ حضرت والا نے چند