ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
|
ملفوظات حکیم الامت جلد 8۔ 18 (350) مرض بے فکری کا علاج ایک صاحب کی غلطی پر مواخذہ فرماتے ہوئے فرمایا کہ میں نے تو اپنے لئے یہ تجویز کر لیا ہے کہ میں ایسے غبی اور کونوں سے تعلق رکھنا نہیں چاہتا اور تم اپنے لئے یہ تجویز کر لو کہ ہم ایسے ظالم اور جلاد پیر سے تعلق نہ رکھیں گے اس پر وہ صاحب خاموش رہے ۔ فرمایا کہ جواب دو اگر جواب نہیں دیتے تو یہاں سے اٹھو مجھے اور بھی کام ہیں ۔ صرف یہی ایک کام نہیں کہ تم کو لئے بیٹھا رہوں ۔ عرض کیا کہ حضرت معاف فرمادیں ۔ فرمایا کہ معافی کا کوئی میں انتقام تھوڑاہی لے رہا ہوں یا پھانسی تھوڑا ہی دے رہا ہوں معاملہ کی بات ہے معاملہ ہی کی طرح طے ہوگی ۔ اس کے معنی تو یہ ہیں کہ میں آپ کو آپ کی غلطی پر بھی متنبہ نہ کروں عرض کیا کہ آئندہ ایسا نہ کروں گا ۔ فرمایا کہ اس آپ کے کہنے کی بالکل ایسی مثال ہے کہ ایک شخص عورتوں کو گھورا کرتا تھا اندھا ہو گیا اب کہتا ہے کہ اے اللہ اب نہ گھوروں گا ۔ گھورے گا کس طرح گھورنے کی چیز ہی کو ختم کر دیا ۔ فنا کر دیا ۔ اسی طرح میں جب تعلق ہی ختم کرتا ہوں جیسا ابھی کہہ چکا ہوں تو اس کے حقوق بھی ختم ہوگئے ۔ اب تم کو ایسا کرنے کی نوبت ہی نہ آوے گی ۔ افسوس اتنا زمانہ تعلق کو ہو گیا اب تک بھی کوئی صورت اصلاح کی نہ پیدا ہوئی آئندہ ہی کیا امید کی جاسکتی ہے ۔ وہ صاحب اٹھ کر چلے گئے ۔ حضرت والا نے حاضرین مجلس کی طرف مخاطب ہو کر فرمایا کہ خدانخواستہ مجھ کو کوئی بغض یا عناد تھوڑا ہی ہے ۔ یہ جو کچھ کر رہا ہوں ان کی مصلحت سے کر رہا ہوں ۔ قصہ یہ ہے کہ آج تین دن کا عرصہ ہوا انہوں نے ایک پرچہ میرے سامنے لاکر رکھ دیا جس کا نہ کہیں سر نہ پیر ۔ میں نے اس کو دیکھا کچھ پتہ نہ چلا کہ آخر ان کا مطلب ہے کیا ۔ زبانی دریافت کرنے پر بھی کچھ نہ بولے ۔ تب میں نے کہا کہ جاؤ کسی دوسرے شخص کے واسطہ سے معاملہ صاف کرو۔ چلے گئے ۔ اب تک خبرے نباشد ۔ آج میں نے ہی دریافت کیا کہ تم نے اپنا معاملہ صاف نہیں کیا تو اس پر جھوٹی باتیں لغو تاویلیں شروع کر دیں ۔ اس بے فکری اور لاپروائی پر میں نے مواخذہ کیا ۔ اب ان شاء اللہ تعالی دماغ درست ہو جائے گا ۔ ساری عمر کے لئے بے فکری کا مرض دماغ سے نکل جائے گا ۔ میں نے جو ان کو عدم تعلق کی تجویز سنائی ہے ایسا کرنے کا ارادہ نہیں ۔ مطلب اس کا صرف یہ ہے کہ ان کی