ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
|
نہ ہوتی تو آخر تبلیغ کیسے ہوتی اور وجہ اس تحمل کی یہ تھی کہ وہ مامور من اللہ تھے اس لئے بڑا عالی ظرف رکھتے تھے سبحان اللہ ۔ (81) سید الطائفہ حضرت حاجی صاحب کی شان علم ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اس میں بھی کیا شک ہے کہ انبیاء علیہم السلام نہایت کامل العلوم ہیں اور جو نائب الرسول ہیں ان کو بھی حق تعالی علوم انبیاء علیہم السلام کے مشابہ عطا فرماتے ہیں ۔ امثلہ بھی عجیب غریب ان حضرات پر کھول دیئے جاتے ہیں کہ بڑے سے بڑے غامض مضامین کو امثلہ سے پانی کر دیتے ہیں ۔ چنانچہ ہمارے حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کو اصطلاحی علم نہ تھا مگر حضرت کی تحقیقات کو دیکھ لیجئے کہ بڑے بڑے متبحر علماء اور فضل و کمال رکھنے والے حضرات کی تحقیق کے وقت انگشت بدندان ہو جاتے تھے اور اس وقت حضرت کی یہ شان معلوم ہوتی تھی ۔ بینی اندر خود علوم انبیاء بے کتاب بے معید و اوستا اور علوم میں یہ برکت تقوی سے پیدا ہوتی ہے اور افسوس یہی چیز آج کل ہم میں مفقود ہے ۔ 6 رجب المرجب 1351ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم یکشنبہ (82) بد انتظامی کی خرابیاں ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ جی ہاں اخبار مباہلہ قادیانیوں کے مقابلہ پر جاری ہے بہت کام کر رہا ہے ۔ لیکن کوئی امداد یا نصرت کرنے والا نظر نہیں آتا اور مسلمانوں کا تمام توکل اور سارا بھروسہ خدا پر ایسے ہی موقعوں پر ظاہر ہوتا ہے کہتے ہیں کہ حق کی امداد اور نصرت خدا ہی کرتا ہے ہماری کیا حاجت یہ عقیدہ تو صحیح ہے مگر غرض اس کی فاسد ہے وہ غرض یہ ہے کہ ہم کوئی دین کی حمایت اور نصرت نہ کریں اور یہ سارا توکل اور بھروسہ دین ہی کے کاموں میں رہ گیا ہے دنیا کے کاموں میں اس عقیدہ کا ظہور کیوں نہیں ہوتا ۔ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر کیوں نہیں بیٹھ جاتے ۔ اسی اخبار کے متعلق دیکھ لیجئے کہ کوئی خریدار نہیں پیدا ہوتا اب کس ہمت پر کوئی کام کرے اور یہ تمام تر خرابی بد انتظامی کی ہے کہ ہماری کوئی تنظیم نہیں ورنہ اگر ہم میں کوئی جماعت منظم ہوتی تو کچھ نتیجہ نکلتا اور اس کام کو استقامت بھی ہوتی اب ہر شخص