ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
|
اپنے بزرگوں کے مسلک پر چلنے کی توفیق عطاء فرمائی ۔ مجھ کو علی گڑھ ایک جلسہ میں مدعو کیا گیا تھا امیر شاہ خاں صاحب بھی آئے ہوئے تھے انہوں نے مجھ سے فرمایا کہ کوئی تمہاری کسی بات کو دیکھ رہا ہے ۔ کوئی کسی بات کو ۔ میں تو صرف ایک بات دیکھ رہا ہوں کہ کوئی بات اپنے بزرگوں کے مسلک اور مذاق کے خلاف تو نہیں ۔ سو میں نے کوئی بات خلاف نہیں دیکھی ۔ اس پر میرا جی بڑا خوش ہوا اس لئے کہ وہ قریب قریب اپنے سب بزرگوں کی صحبت میں رہے ہوئے تھے ۔ (307) موقع اشتباہ میں احتیاطی ظہر پڑھنا چاہیے ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اشتباہ کے موقع پر احتیاط اسی میں ہے کہ ظہر پڑھیں کیونکہ جہاں جمعہ فرض ہے وہاں ظہر کی نماز پڑھنے سے وقتی فرض ساقط ہو جاتا ہے ۔ اور جہاں ظہر فرض ہے وہاں جمعہ پڑھنے سے وقتی فرض ذمہ رہتا ہے اس لئے احتیاط ظہر ہی پڑھنے میں ہوئی ۔ 26 رجب المرجب سنہ 1351 ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم شنبہ (308) وقف قبرستان میں بالشت بھر جگہ زائد از ضرورت لینا جائز نہیں ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت میرے بھی کی قبرستان میں نشیب کے موقع پر ہے بارش کے ایام میں اس پر پانی کا گزر ہوتا ہے اگر اس کے چہار طرف حفاظت کی نیت سے ایک ایک بالشت اونچی پختہ بندش کرادی جائے تو کیا حکم ہے ۔ دریافت فرمایا کہ وہ قبرستان وقف ہے یا کسی خاص شخص کی مملوک ہے ۔ سب کے احکام جدا جدا ہیں مشترک احکام نہیں ۔ اگر وقف ہے تو ایک بالشت بھی جگہ قبر سے زائد لینا جائز نہیں ۔ اس کے متعلق بڑے نازک احکام ہیں جب ہزاروں کے لئے وقف ہے تو ایک آدمی ضرورت سے زائد کیسے اس میں تصرف کر سکتا ہے اور اگر کسی خاص شخص کی یا خاص جماعت کی مملوک ہے تو مالک کی اجازت پر موقوف ہے بشرط عدم مانع ۔ اور یہ سب احکام عقل کے موافق ہیں شریعت مقدسہ نے ہم کو آزاد نہیں چھوڑ ا ۔ کوئی عمل کرکے دیکھے ہماری ہی مصلحتوں اور ضرورتوں کا انتظام فرمایا ہے اگر کوئی نہ سمجھے تو اس کا قصور ہے ۔