ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
بدعت کو دین سمجھ کر کرتا ہے اس لئے یہ بڑی ہی خطرناک چیز ہے اللہ تعالی محفوظ رکھے ۔ (165) ادنی ولایت کی عجیب مثال ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت بہت لوگ ایسے ہیں جو بعض غلطیوں میں مبتلا ہیں مگر ہیں نیک نیت کیا وہ بھی ولی ہو سکتے ہیں ۔ فرمایا کہ بعض غلطیاں اجتہادی ہوتی ہیں سو جو شخص اس قسم کی غلطیوں میں مبتلا ہو وہ ادنی درجہ کا ولی ہو سکتا ہے اور ان شاء اللہ تعالی اس سے مواخذہ بھی نہ ہو گا ۔ اس کی ایسی مثال سمجھئے بلا تشبیہ کہ ایک شخص کے دو لڑکے ہیں ایک بچہ گوہ موت میں آلودہ ہے اور ایک بڑا ہے صاف ستھرا تو کیا باپ کو دونوں سے ایک سا تعلق ہو گا یا دونوں کے تعلق میں کوئی فرق ہو گا ظاہر ہے کہ آلودگی کی وجہ سے خاص اس قسم کا وہ تعلق نہ ہو گا جو بڑے بیٹے سے تعلق ہے حتی کہ اس سے کبھی مشورہ بھی کرتا ہے ۔ یا کسی کا ایک بیٹا ہے جو ان خوبصورت پاک سیرت خوش لباس خوش گفتار خوش سلیقہ مہذب مودب عاقل فہیم اور ایک بچہ ہے اگر کسی وقت باپ سے کہا جاوے کہ ان میں سے ایک کی موت ضروری ہے اب تم ترجیح دو تو وہ کس کے مرنے کو پسند کرے گا گو محبوب دونوں ہیں مگر بڑے کے مقابلہ میں چھوٹے ہی کو کہے گا کہ مرنے بھی دو گورنج بھی ہو گا مگر بڑے کے مقابلہ میں اس بچہ کی پروا بھی نہ کرے گا اگرچہ بعض حیثیتوں سے جزئی محبت بچہ ہی سے زیادہ ہو ۔ (166) فہم سلیم ایک خدا داد عطا ہے ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ فہم سلیم بھی ایک خدا داد عطاء ہے اور بڑی ہی دولت اور نعمت ہے جس کو بھی نصیب فرماویں ۔ کل صبح کے وقت ایک شخص گنوار گاؤں کا جو قوم سے دھنیا تھا میرے پاس آیا میں اس وقت کام میں مشغول تھا اس نے کھڑے کھڑے کہا کہ میں فلاں گاؤں سے آیا ہوں فلاں چیز کا تعویذ لینے آیا ہوں ۔ اس وقت واپس ہوں گا ۔ دور جگہ ہے اگر اجازت ہو پاس آ کر بیٹھ جاؤں میں نے خوش ہو کر بلا کر پاس بٹھلا لیا اور سب کام چھوڑ کر اس کی طرف متوجہ ہو گیا اس سے پوچھنے پر معلوم ہوا کہ تیس کوس کے فاصلہ پر مکان پے پیدل چل کر آیا تھا ۔ میں نے دریافت کیا کہ کب واپس جاؤ گے ۔ کہا کہ آج ہی جاؤں