ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
عارضی پسند کو بقاء نہ ہو گا ۔ نیز بعض مرتبہ اس ترغیب میں یہ مشترکہ خرابی ہوتی ہے کہ یہ طالب اپنے کو مطلوب سمجھنے لگتا ہے کہ مجھ میں کوئی خوبی ہو گی جو مجھ کو اپنی طرف کھنچا جاتا ہے اور نفع کا انحصار ہے طلب پر اس لئے طالب بن کر تو نفع ہو سکتا ہے مطلوب بن کر نفع نہیں ہو سکتا اس لئے اس کو نفع نہ ہو گا اور بہت خرابیاں ہیں جن کو میں اکثر وقتا فوقتا بیان کرتا رہتا ہوں ۔ (95) اہل ظاہر اور اہل باطن کے مذاق میں ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ اپنے بزرگوں کی تحقیقات اور علوم و معارف کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ بڑے درجہ کے لوگ تھے اپنے زمانہ کے رازی اور غزالی تھے خصوصا حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ تو فن تصوف کے امام اور مجہتد تھے ۔ ایک صاحب نے مجھ سے کہا تھا کہ اب اس زمانہ کے علماء میں رازی اور غزالی نہیں پیدا ہوتے میں نے کہا ان سے بڑھ کر موجو د ہو سکتے ہیں ۔ سب بزرگوں کے ملفوظات اور تحقیقات کو دیکھ لیا جائے معلوم ہو جائے گا ۔ پھر حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی ایک عجیب تحقیق کو نقل فرمایا وہ یہ کہ بعض اہل ظاہر کثرت عبادت پر نکیر کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ولا تلقوا بایدیکم الی التھلکۃ کے خلاف ہے حضرت نے جواب میں فرمایا کہ اہل باطن اور عشاق کہتے ہیں کہ قلت عبادت ہمارے لئے القاء الی التھلکہ ہے ہم کو اس سے تکلیف شدید ہوتی ہے ہم اس آیت سے اس کے خلاف پر استدلال کرتے ہیں یہ نمونہ ہے حضرت کے علوم اور معارف کا ۔ سبحان اللہ ۔ (96) اصل مقصود کام کرنا ہے ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت میرے ایک دوست ہیں وہ کہتے ہیں کہ مجھ کو رحجان اعتقادی تو حضرت والا کی طرف ہے مگر بعض وجوہ سے طبعی کشش نہیں اور ایک بزرگ کا نام لے کر کہتے ہیں کہ رحجان اعتقادی ان کی طرف نہیں مگر طبعی کشش ہے ۔ ایسی حالت میں ان کو تعلق پیدا کرنے کےلئے کیا مشورہ دوں ۔ فرمایا کہ اصل مقصود کام کرنا ہے اور کام کرنے کا طریق مفید اس صورت میں یہ ہے کہ دونوں جگہ میں سے ابھی کسی کو انتخاب نہ کریں بلکہ کام شروع کر دیں اور اس کی یہ صورت ہو کہ جو حالات پیش آئیں ان کو دونوں جگہ لکھیں اور دونوں جگہ سے جو جواب