ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
|
دماغ پہنچا ۔ یہ سب خدا کی طرف سے ہے کسی کو اپنے ادراک پر ناز نہیں کرنا چاہیے ۔ (450) دارو گیر اور محاسبہ میں حکمت ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ اس وقت میری روک ٹوک محاسبہ معاقبہ دارو گیر ڈانٹ ڈپٹ لوگوں کو نا گوار ہے مگر عنقریب حقیقت کا انکشاف ہونے پر معلوم ہوگا کہ یہ چیزیں عین رحمت تھیں جیسے ایک سوار درخت کے نیچے سو رہا تھا ایک گھوڑے کا سوار اس طرف سے گزر رہاتا دیکھا کہ درخت پر سے ایک اثدہا اس سونے والے کو ڈسنے کے لئے اتر رہا ہے اور قریب ہے کہ اس کا کام تمام کردے ۔ سوار عجلت سے گھوڑے کو دبا کر درخت کے قریب پہنچا اور اس سوتے ہوئے کے ایک چابک رسید کیا وہ ایک دم چونک کر اٹھا اور چلاتا ہوا بھاگا سوار نے آگے بڑھ کر پیچھے سے دما دم اچانک مارنا شروع کیا اور یہ شخص سوار کو گالیاں دے رہا تھا ۔ مگر جب سونے والے نے اژدہا کو دیکھا اس وقت ہزار جان سے قربان ہونے کو تیار تھا اور لاکھوں دعایئں دے رہا تھا یہی شان اصلاح کی ہے ۔ لوگ خواہ مخواہ دخل در معقولات دیتے ہیں یہ تو مصلح کی رائے پر ہے کہ کہاں نرمی مناسب ہے اور کہاں سختی ۔ (451) بیعت ہونے کے خواہشمند کے خط کا جواب فرمایا کہ ایک صاحب کا خط آیا ہے لکھا ہے میرا بیعت ہونے کو جی چاہتا ہے مگر اب دو طرف جی ہے ۔ ایک آپ کی طرف اور ایک بدعتی ہیں کوئی شاہ صاحب ان کو نام لکھا ہے کہ ان کی طرف میں کیا کروں ۔ میں نے لکھ دیا کہ اگر میرا نام اس میں نہ ہوتا تو میں مشورہ دیتا مگر چونکہ اس میں میرا نام بھی ہے اس لئے مشورہ دینا تو خیانت ہوگا یا بے حیائی ۔ اس پر فرمایا کہ اس جواب میں سمجھ دار کے لئے تو سب کچھ آگیا ۔ 19 شعبان المعظم 1351 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم یکشنبہ (452) رسالہ السنۃ الجلیہ قابل ذکر ہے ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت نے کوئی رسالہ مشائخ چشتیہ کی نصرت میں لکھا ہے ۔ فرمایا کہ اللہ کے فضل سے چھپ کر بھی تیار ہو گیا اس کا نام میں نے رکھا ہے السنۃ الجلیہ فی الچشتیہ قابل دیکھنے کے ہے اس میں چشتیہ حضرات کا متبع سنت ہونا ثابت کیا ہے ۔ غالبا حضرت جلال الدین کبیر الاولیاء کا واقعہ ہے کہ مرض میں کمزوری از حد درجہ بڑھ گئی تھی ۔ دوا پینے