ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
|
اوقات نفس میں مذموم ہیجان پیدا ہو جاتا ہے ۔ اسی وجہ سے اس سے ممانعت فرمائی گئی ۔ (433) ذمی کس صورت میں حربی ہوتا ہے ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ اس میں اختلاف ہے کہ ذمی اگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی یا کسی قسم کی اہانت کرتے تو وہ حربی ہو جاتا ہے یا نہیں ۔ میں اس کے متعلق عرض کرتا ہوں کہ گستاخی کی ایک صورت تو یہ ہے کہ بطریق مناظرہ رسالت کی نفی کرتے سو یہ کفر تو ہے مگر کفر سے حربی نہیں ہوتا ۔ اور ایک صورت یہ ہے بطریق طعن واستہزاء کے رسالت کی نفی کرے اس صورت میں عہد ٹوٹ جاتا ہے اس باب میں حق تعالی فرماتے ہیں وان نكثوا ايمانهم من بعد عهدهم وطعنوا في دينكم اس تفصیل سے اقوال مختلفہ میں تطبیق ہو گئی ۔ (434) تبلیغ کا ایک ادب ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ تبلیغ کا کام بڑا کام ہے اور اس کا ادب یہ ہے کہ مبلغ کو اپنا کام کر دینا چاہیے کسی ثمرہ کا انتظار نہ کرنا چاہیے ثمرہ جن کے قبضہ میں ہے جب حکمت اور مصلحت ہوگی وہ مرتب فرما دیں گے اور اگر نہ مرتب فرمائیں تو یہ بھی ایک ثمرہ ہے کہ کوئی ثمرہ نہیں سو آدمی کو اس کنج وکاوش میں نہ پڑنا چاہئے آدمی اپنا کام کرے جو کہ اختیاری ہے ثمرہ غیر اختیاری کے درپئے نہ ہو ۔ 17 شعبان المعظم 1351 ھ مجلس بعد نماز جمعہ (435) ضرر سے بچنے کے لئے جھوٹ بولنا جائز ہے فرمایا کہ ایک بی بی کا خط آیا ہے لکھا ہے کہ بعض عورتیں ایسی ہیں کہ وہ قرض لے جاتی ہیں پھر واپس نہیں دیتیں اب میں یہ کرتی ہوں کہ جب کوئی قرض مانگنے آتی ہے کہہ دیتی ہوں کہ میرے پاس نہیں اس جھوٹ سے بچنے کا علاج فرمایا جاوے ۔ میں نے لکھ دیا ہے کہ اس جھوٹ سے گناہ ہی نہیں ہوتا ۔ اسی سلسلہ میں فرمایا کہ ضرر سے بچنے کے لئے جھوٹ بولنا جائز ہے لوگ شریعت کو تنگ بتلاتے ہیں کیا یہ تنگی ہے اور اس میں ایک تاویل بھی ہو سکتی ہے کہ اس وقت میرے پاس جیب میں نہیں مگر ایسی تاویل کی ضرورت ہی کیا ہے ۔