ملفوظات حکیم الامت جلد 8 - یونیکوڈ |
|
اور تمہارے دام ۔ میں اور میرا سودا اور جب یہ سودا تمہارے پاس پہنچ جائے گا تو تم تین ہو جاؤ گے ۔ میں اکیلا رہ جاؤں گا ۔ پھر میں تمہارا کیا کر سکتا ہوں معلوم ہوتا ہے بڑا ذہین تھا کیا بات کہی ایسے ہی انسان جس طرف ہو جاتا ہے ادھر کا عدد بڑھ جاتا ہے اور مقابل مغلوب ہو جاتا ہے ۔ تو انسان میں ایسی قوت ہے اور یہاں سے یہ بھی معلوم ہوا کہ انسان کو شیطان سے اتنا ڈرنا نہ چاہئے اور اس کے مقابلہ میں ہمت سے کام لینا چاہئے پھر ضرور یہی غالب رہے گا اس کو اپنی قوت کی خبر نہیں اس لئے شیطان سے ڈرتا ہے ادھر شیطان کی یہ خاصیت ہے کہ جو اس سے ڈرتا ہے اس کے پیچھے لگ جاتا ہے اور اس کو ڈراتا ہے جیسے کٹکھنا کتا جو اس سے ڈر کر بھاگتا ہے اس پر حملہ آور ہوتا ہے اور واقع میں شیطان اس درجہ کی ڈرنے کی چیز ہے بھی نہیں ۔ حق تعالی فرماتے ہیں ان کید الشیطان کان ضعیفا ۔ ایک بزرگ نے اعوذ باللہ پڑھ کر فرمایا تھا کہ شیطان تو بہت خوش ہوا ہو گا کہ یہ مجھ سے ڈرتا ہے میں تو حکم کا امتثال کرتا ہوں ورنہ تو بے چارا ہے کیا چیز کہ میں تجھ سے ڈرتا بلکہ توسع کر کے کہتا ہوں کہ یہ تو خود ہی مومن کامل سے اسقدر ڈرتا ہے کیونکہ مومن کی تھوڑی سی توجہ اور فکر سے اس کے تمام جال اور کیدو مکر دھرے رہ جاتے ہیں ۔ اس ہی لئے ایک فقیہ اس پر ایک ہزار عابد سے زیادہ گراں ہے وہ اس کے مکرو فریب سے خود بھی بچتا ہے اور دوسروں کو بھی بچنے کی تدابیر بتلاتا ہے غرض شیطان میں کوئی قوت نہیں ۔ ہاں چالاک اور مکار فریبی ضرور ہے ۔ ترکیبیں بہت یاد ہیں مگر وہ ترکیبیں مومن کی فراست اور عقل کے سامنے سب گرد ہیں اس کی زندہ نظیر میں پیش کرتا ہوں کہ جیسے اس زمانہ میں ایک طاغوت ہے کہ عقل تو اس کو چھو بھی نہیں گئی مگر چالاک اور مکار ہے ۔ سارے ملک میں فتنہ فساد کا تخم بو دیا اور مسلمانوں کی بھولی قوم اس کے مکرو فریب میں آ گئی اور اس کو اسلام و مسلمانوں کا خیر خواہ اور ہمدرد سمجھ بیٹھے حالانکہ اسلام اور مسلمانوں کا سخت دشمن ہے متواتر واقعات سے اللہ تعالی نے اس کی دشمنی کو طشت ازبام کر دیا ۔ اب لوگوں کو یقین ہو گیا کہ واقعی نہایت بدنیت مکار اور چالاک شخص ہے غنیمت ہے اب بھی جلدی ہی صبح ہو گئی کہ لوگ اس کے مکرو فریب سے آگاہ ہو گئے مگر جو کچھ بھی اس کی وجہ سے مسلمانوں کو نقصان پہنچ گیا وہ بھی تھوڑا نہیں ۔ ہزاروں مسلمانوں کے ایمان اس کی بدولت