پس ان سے کہا جائے گا کہ جب ایسا ہے تو واجب ہے کہ نفل میں نذر اور شروع کا حکم برابر ہو جیسے وضو، اور یہ قلب کے طریقوں میں سے ضعیف طریقہ ہے، اس لئے کہ سائل جب دوسرا حکم لے آیا تو مناقضہ ختم ہوگیا، اور اس لئے کہ کلام سے مقصود اس کے معنی ہوتے ہیں، اور برابری معنی میں مختلف ہے من وجہٍ ثبوت ہے اور من وجہٍ سقوط ہے تضاد کے طریقہ پر، اور یہ قیاس کو باطل کرنے والا ہے۔
------------------------------
تشریح :-مصنفؒ فرماتے ہیں کہ قلب کا ایک تیسرا طریقہ بھی ہے ،جس کو قلب ِتسویہ کہتے ہیں،لیکن یہ طریقہ ضعیف اور فاسد ہے،کیونکہ اس میں صرف معارضہ ہے،مناقضہ نہیں ہے ،جب کہ قلب میں معارضہ کے ساتھ مناقضہ بھی ہوتا ہے ۔
اس کی مثال شوافع کے نزدیک نفلی عبادت شروع کرنے سے لازم نہیں ہوتی ،لہٰذا اگر شروع کرکے توڑدی تو قضا واجب نہیں،__اور احناف کے نزدیک شروع کرنے سے لازم ہوجاتی ہے ،اور شروع کر کے اگر فاسد کردیا تو قضا واجب ہوتی ہے __شوافع نفلی عبادت کو وضو پر قیاس کرتے ہیں کہ جس طرح وضو درمیان میں فاسد ہوجائے تو اتمام لازم نہیں ، اور نہ وضو شروع کرنے سے اتمام لازم ہوتا ہے ،اسی طرح نفلی عبادت بھی نہ شروع کرنے سے لازم ہوگی اور نہ فاسد کرنے سے اس کی قضاء واتمام لازم ہوگا ،الغرض شوافع نے عدمِ لزوم بالشروع کے لئے عدمِ لزوم فی الفساد کو علت قرار دیا،یعنی فاسد کرنے سے لازم نہ ہونا علت ہے شروع کرنے سے لازم نہ ہونے کی اور اس کو وضو پر قیاس کیا ۔
لیکن اس پر معارضہ احناف کی طرف سے اس طرح ہوگا کہ ٹھیک ہے، آپ نے نوافل کو وضو پر قیاس کیا ہے، مگر دیکھو وضو میں نذر اور شروع دونوںکا حکم برابر ہے ،تو اسی طر ح نفلی عبادت میں بھی نذر و شروع کا حکم برابر ہونا چاہیے__ یعنی وضو نذر ماننے سے لازم نہیں ہوتا اور نہ شروع کرنے سے لازم ہوتا ہے،تو اس طرح مساوا ت نفلی عبادت میں بھی ہونی چاہیے ، کہ نہ نذر سے لازم ہو اور نہ شروع کرنے سے لازم ہو ،کیونکہ وضو مقیس علیہ ہے اور اس میں مساوات ہے ،تو نفلی عبادت جو مقیس ہے اس میں بھی مساوات ہونی چاہیے__ حالانکہ نفلی عبادت نذر سے بالاجماع لازم ہوجاتی ہے ،تو دونوںمیں برابری پیدا کرنے کا تقاضہ تویہ ہے کہ نفلی عبادت شروع کرنے سے بھی لاز م ہوجائے،جیسے نذرسے بالاجماع لازم ہوجاتی ہے۔
غرض احناف نے کہا کہ عدمِ اتمام فی الفسادعدم ِلزوم بالشروع کی علت نہیں بلکہ استواء کی علت ہے، اور یہ مساوات وضو میں عدم لزوم سے متحقق ہوتی ہے کہ وضو نہ نذر سے لازم ہوتا ہے نہ شروع کرنے سے __اور نوافل میںلزوم سے متحقق ہوتی ہے کہ نوافل نذر سے بھی لازم ہوجاتے ہیں اور شروع کر نے سے بھی __تو اس طرح یہاںقلب ہوا۔