تقریظی کلمات
حضرت اقدس مفتی ابوالقاسم صاحب نعمانی دامت برکاتہم
مہتمم ازہر الہند دارالعلوم دیوبند
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
درس نظامی میں اصول فقہ کی جو کتابیں نصاب کے طور پر شامل ہیں ، ان میں حسامی کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور نصاب تعلیم میں وقتاً فوقتاً ہونے والی تعدیل و تخفیف کے باوجود حسامی اب بھی مرکزی تعلیمی اداروں میں شامل نصاب ہے ۔ اس سے کتاب کی اہمیت اور قدر و قیمت کا اندازہ ہوتا ہے ۔
ایک دور میں طلبہ و اساتذہ کے لئے عربی شروح و حواشی کے علاوہ اُردو یا علاقائی زبانوں میں شروحات دیکھنے کو پسند نہیں کیا جاتا تھا ، لیکن اب جب کہ نورانی قاعدہ سے لے کر بخاری شریف تک نصاب تعلیم میں شامل ہر کتاب کی اُردو شرح بازار میں دستیاب ہیں، بلکہ ایک ایک کتاب کی متعدد شرح موجود ہیں ، ’’الفیض الحجازی شرح اُردو المنتخب الحسامی ‘‘ اس فہرست میں ایک خوشگوار اضافہ ہے ، اور ہر شرح کی اپنی کچھ خصوصیات ہوتی ہیں ، اس شرح کے مصنف حضرت مولانا حفظ الرحمن صاحب پالنپوری نے بھی اس شرح کے لیے کافی محنت کی ہے ، کتاب میں نے چیدہ چیدہ دیکھی ماشاء اللہ شرح بہت سہل اور جامع ہے ، اللہ تعالیٰ ان کی محنت کو قبول فرمائیں اور طلبہ کو زیادہ سے زیادہ استفادہ کی توفیق بخشیں ۔ (آمین)
ابوالقاسم نعمانی غفرلہ
(مہتمم) دارالعلوم دیوبند
۱؍۶؍ ۱۴۳۵ ھ