تحفہ رمضان - فضائل و مسائل - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
منکرات و فواحش عام ہو رہے ہیں‘ آپ کی حرام کی ہوئی چیزیں حلال ہو رہی ہیں‘ ہم مسلمانوں کو اس تباہی و بربادی سے بچا لیجئے جو لوگ حواس باختہ ہیں ان کی رہنمائی فرمایئے۔ یا اللہ! پاکستان کو قمار خانے‘ شراب خانے‘ نائٹ کلب‘ ریڈیو‘ ٹیلی ویژن کی لغویات سے‘ سینما گھروں جن سے روز و شب ہماری اخلاقی اور معاشرتی اور اقتصادی زندگی تباہ و برباد ہو رہی ہے ان تمام فواحش سے ہم کو پاک صاف فرما دیجئے اور یا اللہ ارباب حل و عقد کو توفیق دیجئے اور اس کا احساس دیجئے کہ وہ اپنے اختیارات سے ان منکرات کو مٹائیں اور آپ کی رضا جوئی کے لئے دین کی اشاعت کریں۔ یا اللہ! امن و امان کی صورت پیدا کر دیجئے۔ بیرونی سازشوں‘ دشمنوںکی نقصان رسانی سے ہماری مملکت اسلامیہ کو بچا لیجئے‘ ہمارے دین کی حفاظت فرمایئے۔ یا اللہ! ہم یہ دعا آپ کی بارگاہ میں پیش کرتے ہیں اس ماہ مبارک کی برکت سے قبول فرما لیجئے۔ یا اللہ جو مانگ سکے وہ بھی دیجئے اور جو نہ مانگ سکے وہ بھی دیجئے۔ جس میں ہماری بہتری ہو دین و دنیا کی فلاح ہو یا اللہ وہ سب ہم کو عطا کیجئے۔ نفس و شیطان سے ہم کو بچایئے اپنی رضائے کاملہ عطا فرمایئے۔ یااللہ! آپ کا وعدہ ہے کہ یہ مہینہ آپ کا ہے‘ اس ماہ مبارک میں ہم کو اپنا بنا لیجئے‘ یا اللہ آپ مربی ہیں‘ رحیم ہیں‘ غفور ہیں‘ ہمارے پرورش کرنے والے ہیں‘ ہمارے رزاق ہیں‘ ہمارے کارساز ہیں‘ تو پھر یا اللہ ہم سے ہماری ان غفلتوں کو دور کر دیجئے۔ اپنا صحیح تعلق عطا فرمایئے ہمارے سارے معاملے دین کے ہوں یا دنیا کے یا اللہ سب آسان کر دیجئے۔ مرنے کے بعد برزخ کے تمام معاملات آسان کر دیجئے یوم حساب کا معاملہ آسان کر دیجئے‘ اور اپنی رضائے کاملہ کے ساتھ جنت میں داخل کر دیجئے۔ یا اللہ! اپنے محبوب شفیع المذنبین رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ و سلم کے امتی ہونے کی حیثیت سے حشر میں ہم پر اپنی رحمتیں نازل فرمایئے۔ ہم کو حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی شفاعت کبریٰ نصیب فرمایئے ہمارے ظاہر کو بھی پاک کر دیجئے اور باطن کو بھی پاک کر دیجئے۔ یا اللہ! ہمیں رمضان المبارک کے ایک ایک لمحے کے انوار وتجلیات چاہے ہم محسوس کریں یا نہ کریں‘ آپ سب عطا فرما دیجئے‘یا اللہ ہمارے روزے عبادات چاہے ناقص ہوں آپ اپنے فضل سے قبول فرما لیجئے اور کامل اجر عطا فرمایئے۔ یا اللہ! جو جو دشواریاں‘ بیماریاں‘ پریشانیاں جس میں ہم مبتلا ہیں اور آنے والے خدشات و آفات ہیں ان سب سے ہم کو محفوظ رکھئے۔ یا اللہ کھانے پینے کی چیزوں میں گرانی روز افزوں ہوتی جا رہی ہے۔ ملاوٹ ہو رہی ہے‘ وبائیں آ رہی ہیں‘ بیماریاں پھیل رہی ہیں سب سے حفاظت فرمایئے‘ ہم کو پاکیزہ اور ارزاں غذائیں عطا فرمایئے‘ یا اللہ ایمان والوں کے لئے آج کل معاشرہ (تہذیب و تمدن کی لعنتوں کا ماحول) جہنم کدہ بنا ہوا ہے اس کو گلزار ابراہیم بنا دیجئے ہماری تمام حاجات پوری فرمایئے۔ ہم کو اسلام پر قائم رکھئے اور ہمارا خاتمہ ایمان پر فرمایئے۔ آمین بحق سید المرسلین صلی اللہ علیہ و سلم و اصحابہ اجمعین۔ اَللّٰھُمَّ صَلِّ عَلٰی سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِ سَیِّدِنَا مُحَمَّدٍ وَّبَارِکْ وَسَلِّمْ