تحفہ رمضان - فضائل و مسائل - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
گناہ معاف ہونے کا لازمی نتیجہ آخری شب میں کل گناہوں کی مغفرت اور نجات من النار کی صورت میں ظاہر ہو سکتا ہے۔ اور اگر وذلک کل لیلۃ کا یہ مطلب ہو کہ یہ منادی رمضان المبارک کی ہر شب میں ہوتی ہے تو اس صورت میں وللہ عتقا من النار منادی کا جز ہو گا اور اس کا تعلق کل لیلۃ سے نہ ہو گا۔ پھر کسی تطبیق کی حاجت نہیں رہتی۔ حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلویؒ نے اپنی شرح مشکوٰۃ اشعۃ اللمعات میں چونکہ وہ ترجمہ اختیار فرمایا ہے جو اوپر گزرا ہے اس لیے اس میں توجیہہ کی ضرورت پیش آئی۔ واللّٰہ اعلم بمرادہ و رسولہ فائدہ: شیاطین اور جنوں کے قید کرنے کی حکمت اس ماہ مبارک کے اندر شیاطین اور سرکش جنوں کے قید کر دینے میں حکمت یہ ہے کہ وہ روزہ داروں کے دلوں میں وسوسہ گناہوں کا نہ ڈال سکیں اور معصیت کی طرف ان کو نہ بلائیں اسی کا یہ اثر ہے کہ اکثر گرفتار ان معاصی اس ماہ مبارک میں گناہوں سے پرہیز کرنے لگتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع ہو جاتے ہیں۔ شیاطین کے قید ہو جانے کے باوجود بعض لوگوں سے گناہ کیوں ہو جاتے ہیں بعض لوگوں سے اس ماہ کے اندر بھی جو معاصی (گناہوں) کا صدور ہو جاتا ہے اس میں شیاطین کی پہلی وسوسہ اندازی اور سابقہ عادت پڑی ہوتی ہے‘ اس عادت کی وجہ سے اس مبارک زمانہ میں بھی ان سے گناہ ہوجاتے ہیں یا یہ اثر ہے نفس کی قوت (برائی کی طرف لے جانے والی قوت) داعیہ الی الشرکا کہ نفس گناہوں کی طرف رغبت دلاتا ہے اس لیے گناہ ہو جاتے ہیں شیاطین کے اثر سے گناہ نہیں ہوتے تو جو گناہ اس مبارک ماہ میں ہوتے ہیں وہ نفس کے تقاضا اور اس کی قوت داعیہ الی الشر کے سبب ہوتے ہیں اور شیاطین کے وساوس کی وجہ سے جو گناہ رمضان سے قبل ہوا کرتے تھے ان سے اس زمانہ میں لوگوں کو محفوظ کر دیا جاتا ہے۔ شاہ محمد اسحاق کاجواب اس اشکال کا ایک جواب استاذ الکل حضرت مولانا شاہ محمد اسحاق صاحب دہلویؒ نے دیا ہے جس کو صاحب مظاہر حق نے پسند فرمایا ہے اس کا حاصل یہ ہے کہ فاسقوں کے بہکانے سے صرف سرکش شیطان روک دیئے جاتے ہیں اور کم درجہ کے شیطان ان کو بہکاتے رہتے ہیں جس کا اثر یہ ہوتا ہے کہ وہ بہ نسبت اور دنوں کے ایام رمضان میں گناہ کم کرتے ہیں لیکن کچھ گناہ ان سے ہوتے رہتے ہیں۔ مسلمانوں کی ذمہ داری ماہ مبارک کی ان تمام فضیلتوں کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں کو اس مہینہ میں عبادت کا خاص اہتمام کرنا چاہئے۔ اور کوئی لمحہ ضائع اور بے کار جانے نہیں دینا چاہئے شب و روز کے ساعات کو اعمال صالحہ کے ساتھ مزین و معمور رکھنے کی سعی اور کوشش میں مصروف رہنا چاہئے۔