تحفہ رمضان - فضائل و مسائل - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
کمائی کی رات اس رات کی فضیلت معلوم کرنے کے لئے اگرچہ قرآن کریم کی ایک مستقل سورت کافی ہے‘ لیکن نمونہ کے طور پر دو حدیثیں بھی لکھی جاتے ہیں۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا: ((مَنْ قَامَ لَیْلَۃَ الْقَدْرِ اِیْمَانًا وَّاِحْتِسَاباً غُفِرَلَہٗ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِہٖ)) [رواہ البخاری و مسلم] ’’جو شخص شب قدر میں ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے (عبادت کے لئے) کھڑا ہوا‘ اس کے پچھلے تمام گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔‘‘ بہترین موقع اگر دنیا کے کاروباری کو یہ معلوم ہو جائے کہ فلاں مہینے میں ہمارے قریب شہر میں ایک میلہ (نمائش وغیرہ) لگنے والا ہے جس میں اتنی آمدنی ہو گی کہ ایک روپیہ کے دس روپے بن جائیں گے اور سال بھر پھر کچھ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی تو بتائو کون بیوقوف ہے جو اس بہترین موقع کو کھو دے گا؟ اگر بتانے والے نے تاریخ نہ بھی بتائی ہو گی تو کسی نہ کسی طرح وہ تاریخ کا پتہ لگائے گا اور اگر تاریخ میں شبہ رہ جائے گا تو احتیاطاً کئی دن پہلے اس جگہ پر پہنچ جائے گا۔ اب ایک اور موقع نیکیوں کے میلے کا بھی مومنوں کو دیا جا رہا ہے مگر اتنی بات ہے کہ مہینہ تو بتا دیا اور یہ بھی بتا دیا کہ اس مہینے کی آخری تہائی حصہ میں ہے‘ لیکن تاریخ گول مول رکھی کہ دیکھیں نیکیوں کے شوقین اور خدا کی محبت اور اس کے محبوب رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی الفت کا دم بھرنے والے کیا کچھ کر کے دکھاتے ہیں اور جس نبی پاک صلی اللہ علیہ و سلم نے اس رات کی تلاش میں پورے پورے مہینے کا اعتکاف کیا ہے‘ اس کے چاہنے والے کتنے دن اپنی راحت و آرام قربان کرتے ہیں؟ [الترغیب و الترہیب ص ۹۰ ج۲] قیام کرنے کا مطلب کھڑے ہونے کا مطلب یہ ہے کہ نماز پڑھے اور اسی حکم میں یہ بھی ہے کہ کسی اور عبادت تلاوت قرآن اور ذکر وغیرہ میں مشغول ہو‘ اور ثواب کی امید رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ ریاء وغیرہ کسی بدنیتی سے کھڑا نہ ہو بلکہ اخلاص کے ساتھ محض اللہ کی رضا اور ثواب کے حصول کی نیت سے کھڑا ہو۔ علامہ خطابی کا قول خطابی رحمہ اللہ کہتے ہیں: اس کا مطلب یہ ہے کہ ثواب کا یقین کرکے بشاشت قلب سے (دل کی خوشی سے کھڑا ہو)‘ بوجھ سمجھ کر‘ بددلی کے ساتھ نہیں۔ اور کھلی ہوئی بات ہے کہ جس قدر ثواب کا یقین اور اعتقاد زیادہ ہو گا‘ اتنا ہی عبادت میں مشقت کا برداشت کرنا آسان ہو گا۔ یہی وجہ ہے کہ جو شخص قرب الٰہی میں جس قدر ترقی کرتا ہے عبادت میں اس کا انہماک زیادہ ہوتا رہتا ہے۔ شب قدر کی عبادت سے کون سے گناہ معاف ہوتے ہیں نیز یہ معلوم ہو جانا بھی ضروری ہے کہ اوپر والی حدیث اور اس جیسی احادیث میں گناہوں سے مراد علماء کے نزدیک صغیرہ گناہ ہوتے ہیں اس لئے کہ قرآن پاک میں جہاں