تحفہ رمضان - فضائل و مسائل - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
انتباہ ان کے سجدوں میں سُبْحَانَ رَبِّیَ الْاَعْلٰی تین بار پڑھنا کافی ہے۔ عارف باللہ حضرت ڈاکٹر محمد عبد الحئی عارفی کے دعائیہ کلمات مانگنے کا ڈھنگ یا اللہ! رمضان المبارک آ رہا ہے آپ کی ہزاروں رحمتوں اور نعمتوں کے ساتھ آ رہا ہے جنت کی نشانیوں کے ساتھ آ رہا ہے آپ کا وعدہ ہے کہ تمام گناہوں کو معاف فرما دیں گے۔ یا اللہ رمضان المبارک کی جتنی رحمتیں ہیں‘ جتنے انعامات و احسانات ہیں‘ جتنے انوار و تجلیات ہیں ہم سب کو ان کے حاصل کرنے کی استعداد و صلاحیت عطا فرما دیجئے۔ کسی چیز سے ہمیں محروم نہ فرمایئے ۔یا اللہ! ہم کو اپنی عبادات و طاعات خاصہ کی توفیق‘ اپنے نبی الرحمت صلی اللہ علیہ و سلم کے اتباع کی توفیق فرمایئے‘ یا اللہ لغزشوں سے اور نفس و شیطان کے مکائد سے ہم کو محفوظ فرمایئے یا اللہ مجبوراً معاشرہ کے غلبہ سے اور نفس و شیطان کے غلبہ سے ہم سے جو فسق و فجور کے کام ہوئے ہیں ہم ان سے نفرت کرتے ہیں اور چھوڑ دینے کا عزم کرتے ہیں۔ مگر ڈرتے ہیں کہ پھر ہم سے ان کا ارتکاب ہو جائے گا یا اللہ آپ ہی محافظ حقیقی ہیں‘ رحم کرنے والے ہیں ہم پر رحم فرمایئے‘ ہمیں محفوظ رکھئے اور اپنا مورد رحمت بنا لیجئے۔ یا اللہ! یہ رمضان آپ کا مہینہ ہے اور آپ اس کا اجر خود عطا فرمائیں گے یا اللہ ہم سے زیادہ محتاج اورکون ہے‘ ہم آپ کے فضل و کرم کے بہت محتاج ہیں‘ ہمیں اپنا فرمانبردار بنا لیجئے‘ اپنے نبی الرحمۃ صلی اللہ علیہ و سلم کا وفادار اور سچا امتی بنا دیجئے‘ یا اللہ! تمام لعنت زدہ کاموں سے ہمیں بچا لیجئے کہ جن سے آپ ناراض ہوتے ہیں‘ یا اللہ! ہم آپ کے مواخذہ کو برداشت نہیں کر سکتے نہ دنیا میں نہ آخرت میں۔ {رَبَّنَا لَا تُؤَاخِذْنَا اِنَّ نَسِیْنَا اَوْ اَخْطَاْنَا رَبَّنَا وَلَا تَحْمَلْ عَلَیْنَا اِصْرًا کَمَا حَمَلْتَہٗ عَلَی الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِنَا رَبَّنَا وَلَا تُحَمِّلْنَا مَا لَا طَاقَۃَ لَنَا بْہٖ} [سورۃ البقرہ آیت ۲۸۶] ہم پر جو شامت اعمال طاری ہے ہم سے اس کا تحمل نہ ہو سکے گا دنیا میں نہ آخرت میں ‘ وَاعْفُ عَنَّا ہمیں معاف فرما دیجئے‘ وَاغْفِرْلَنَا ہماری مغفرت فرمادیجئے‘ وَارْحَمْنَا ہم پر رحم فرمایئے اَنْتَ مَوْلٰـــنَا آپ ہمارے مولا ہیں ہم کو اپنا بنا لیجئے۔ آپ قادر مطلق ہیں جس کو چاہیں بنا سکتے ہیں یا اللہ ! ہم آپ ہی کی طرف رجوع ہوتے ہیں اور آپ سے رحم کی درخواست کرتے ہیں‘ اپنے نبی الرحمۃ صلی اللہ علیہ و سلم کے صدقہ اور طفیل میں ہماری دعائیں قبول فرما لیجئے۔ یا اللہ! ہمارے پاس اور کوئی سرمایہ نہیں‘ کوئی وسیلہ نہیں اقرار جرم کرتے ہیں آپ کے نبی الرحمۃ صلی اللہ علیہ و سلم کا وسیلہ پیش کرکے آپ کی رحمت کے طلب گار ہیں‘ یا اللہ اس ماہ مبارک کا ایک ایک لمحہ‘ ایک ایک سانس ہمارے لئے باعث رحمت بنا دیجئے۔ یا اللہ! ہمیں ہر خطا و عصیاں سے محفوظ رکھئے ہر تقصیر و کوتاہی سے محفوظ رکھئے۔ ہمیں اس ماہ مبارک میں اپنی رحمتوں کا مورد بنا دیجئے اپنی مغفرت کا مورد بنا دیجئے۔ اور عذاب نار سے نجات بھی عطا فرمایئے۔