تحفہ رمضان - فضائل و مسائل - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
یا اللہ ! آپ نے توفیق دی ہے اور آپ چاہتے بھی یہی ہیں کہ آپ کے بندے آپ کی بارگاہ میں دست بدعا ہوں‘ عجزو نیاز کا اظہار کریں‘ اقرار جرم کریں‘ یا اللہ! ہم سب اقرار جرم کر رہے ہیں ہم مجرم ہیں‘ ہم سے اب تک بڑی نالائقیاں سرزد ہوئیں‘ ہمارے اندر شیطانیت تھی‘ ابلیسیت تھی جس میں ہم مبتلا رہے لیکن اب ہم اس ماہ مبارک میں داخل ہو رہے ہیں۔ اس میں ہمیں پاک صاف کرکے داخل کر لیجئے اس کے ایک ایک لمحہ میں جو آپ کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے اس کا ہم کو مورد بنا دیجئے‘ مستحق بنا دیجئے اور دائماً دائماً اس پر یا اللہ! ہماری حیات کو قائم رکھئے ہم کو بھٹکنے اور بے راہ رو ہونے سے بچا لیجئے۔ یا اللہ! ہم کو اپنے نبی الرحمۃ صلی اللہ علیہ و سلم کے سامنے شرمندگی سے بچا لیجئے اور حضور اقدس صلی اللہ علیہ و سلم کو خوش کرنے کے لئے ہم پر اور تمام امت مسلمہ پر رحم فرمایئے‘ تمام عالم اسلام پر‘ سارے پاکستان میں ہر جگہ‘ ہمارے والدین پر‘ اعزح و اقرباء پر‘ ہمارے دوست احباب پر سب پر اپنی رحمتوں کا نزول فرمایئے۔ یا اللہ! آپ کے محبوب نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کے امتی اس وقت جہاں جہاں بھی ہیں اور دشمنوں کی زد میں ہیں‘ سازشوں میں ہیں‘ ان کی حفاظت فرمایئے ان کو ہدایت دیجئے۔ یا اللہ‘ ان کو دشمنوں سے آزاد کر دیجئے‘ اعدائے دین کی سازشوں سے بچا لیجئے۔یا اللہ! آپ ایک عاجز بندے کی دعا قبول فرما کر سارے عالم اسلام پر اپنی رحمت فرمائیں ہم پر بھی رحمت فرمایئے‘ یا اللہ! جو بیمار ہیں ان کو شفاء عاجلہ و کاملہ عطا فرمایئے جو پریشان حال ہیں ان کی پریشانی رفع فرما دیجئے‘ یا اللہ! جن کے ایمانوں میں ضعف ہے ان کے ایمانوں میں قوت پیدا فرما دیجئے ہم کو کسی خیر سے محروم نہ فرمایئے۔ یا اللہ! تمام ممالک اسلامیہ میں پھر اسلام کی حیات طیبہ عطا فرمادیجئے۔ ان کی اعانت و نصرت فرمایئے۔ یا اللہ یہ ملک پاکستان جو اسلام کے نام پر قائم ہوا تھا اس کو گمراہیوں سے بچایئے۔ ہر قسم کے فواحش و منکرات سے جو رائج الوقت ہو رہے ہیں ان سے محفوظ رکھئے‘ یا اللہ!یہاں کے علماء صلحا کو توفیق دیجئے کہ آپ کے دین کی اشاعت کرتے رہیں‘ یا اللہ! جو لوگ صاحب اختیار ہیں جن کو آپ نے اپنی مخلوق کا امین و پاسبان بنایا ہے ان کو حوصلہ دیجئے‘ فہم دیجئے‘ صلاحیت دیجئے‘ ان کی اعانت و نصرت فرمایئے اور ان کے ذریعے پاکستان کو صحیح معنی میں مملکت اسلامیہ بنا دیجئے اور نفاذ شریعت کا اتمام فرما دیجئے۔ یا اللہ! اس مملکت اسلامیہ کو گمراہی سے‘ ذلت سے رسوائی سے اور بدنامی سے بچا لیجئے۔ یا اللہ! اس ملک میں کوئی ایسا مرد مجاہد پیدا فرما دیجئے جو اس ملک کی کایا پلٹ دے فسق و فجور کو مٹا دے احکام شرعیہ کا نفاذ کر دے اور اسلامی فضا ملک میں پھیلا دے۔ یا اللہ! ہمارے قلوب کی صلاحیتیں درست فرما دیجئے‘ ایمانوں میں تازگی عطا فرما دیجئے‘ تقاضائے ایمان بیدار فرما دیجئے‘ ہمارے دلوں میں گناہوں سے نفرت پیدا فرما دیجئے‘ غیرت پیدا فرما دیجئے یا اللہ! ہمیں ظاہری و باطنی ہلاکت سے بچا لیجئے‘ یا اللہ! اپنی مغفرت و رحمت کا مورد بنا دیجئے اور عذاب نار سے بچا لیجئے: ((اَنْتَ رَبِّیْ اَنْتَ حَسْبِیْ اَنْتَ وَلِیَّ فِی الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ مِنْ خَیْرِ مَاسَئَلَکَ مِنْہُ نَبِیُّکَ سَیِّدُنَا مُحَمَّدٌ