تحفہ رمضان - فضائل و مسائل - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
جب امامت کی اجرت جائز ہے تو تراویح کی کیوں جائز نہیں سوال: جب امامت پر اجرت جائز ہے تو تراویح میں ایک قرآن سنانا بھی (بعض علماء کے قول کے مطابق) سنت موکدہ ہے اس پر اجرت کیوں ناجائز ہے؟ جواب: جہاں فقہاء نے ایک ختم کو سنت کہا ہے جس سے ظاہراً سنت موکدہ مراد ہے وہاں یہ بھی لکھا ہے کہ جہاں (پورا ایک قرآن سننا) لوگوں کو ثقیل ہو وہاں الم تر کیف وغیرہ سے پڑھ دے پس جب تقلیل جماعت کے محذور سے بچنے کے لئے (یعنی اس اندیشہ سے کہ پورا قرآن سنانے میں شاید جماعت کم ہو جائے ایسی صورت میں) اس سنت کے ترک کی اجازت دے دی تو استیجار علی الطاعت (یعنی عبادت پر اجرت لینے) کی خرابی اس سے بڑھ کر ہے اس سے بچنے کے لئے کیوں نہ کہا جائے گا کہ الم ترکیف سے پڑھ لے۔ اسی سے نمبر ۱‘ ۲ کی (گزشتہ مسئلہ کی دلیل اور) وجہ بھی معلوم ہو گئی۔ [امداد الفتاویٰ] سامع یعنی امام کے پیچھے قرآن سننے اور ٹوکنے والے کو بھی اجرت لیناجائز نہیں ایک مسئلہ اور ہے اس میں مجھ سے غلطی ہو چکی ہے وہ یہ ہے کہ میں سمجھتا تھا کہ سامع کو(یعنی امام کے پیچھے حافظ مقتدی جو لقمہ دینے کی غرض سے متعین ہو اس کو) روپیہ لینا(بطور اجرت کے) جائز ہے میں اس کو تعلیم پر قیاس کیا کرتا تھا۔ چنانچہ میں نے فتویٰ دیا تھا کہ ’’سماعت قرآن سے غرض یہ ہے کہ جہاں بھولے گا بتائے گا پس یہ تعلیم ہوئی اور تعلیم پر اجرت لینے کے لئے جواز پر فتویٰ ہے۔‘‘ [امداد الفتاویٰ] لیکن پھر سمجھ میں آیا کہ یہ قیاس صحیح نہیں اس لئے کہ( بحالت صلوۃ)تعلیم سے نماز فاسد ہو جاتی ہے اور سامع کے بتانے سے نماز فاسد نہیںہوتی اور نیز بھولے ہوئے کو بتانا نماز کی اصلاح ہے اور اصلاح نماز عبادت ہے اس لئے نہ قاری کو (یعنی امام صاحب کو اجرت لینا) جائز ہے نہ سامع کو۔ یہ دونوں فتوے قواعد کلیہ سے دیئے گئے ہیں اگر اس کے خلاف کسی کو جزئیہ معلوم ہو تو میں اس سے بھی رجوع کر لوں گا۔ [التہذیب] بغیر پیسے والا حافظ نہ ملے تو کیا کرنا چاہئے بعض لوگ کہتے ہیں کہ صاحب بلا اجرت پڑھنے والا ہم کو ملتا ہی نہیں اور اجرت دے کر سننا جائز نہیں تو پھر قرآن کیسے سنیں۔ اس کا جواب یہ ہے کہ پورا قرآن سننا فرض نہیں‘ ایک مستحب امر کے لئے حرام کا ارتکاب جائز نہیں۔ الم تر کیف سے تراویح پڑھ لو ایسی حالت میں قرآن مجید کا ختم کرنا ضروری نہیں۔ [اصلاح الرسوم] جو حافظ اجرت لے کر تراویح سنائے اس کے پیچھے تراویح نہ پڑھنا چاہئے اس سے بہتر یہ ہے کہ الم تر کیف سے تراویح پڑھ لی جائے۔ [انفاس عیسیٰ] سوال: جو حافظ تراویح میں قرآن سنائے اس کو دینا بھی ناجائز یا لینا دینا دونوں ناجائز ہے؟ !اور اگر بلا اجرت حافظ نہ ملے تو اجرت پر مقرر کر لے یا الم تر کیف سے تراویح پڑھ لے؟ جواب: میں تو دونوں کو ناجائز سمجھتا ہوں۔