اشرف العملیات - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
ان شاء اللہ ان کا حال درست ہوجائے گا اگر صحیح تدبیر کا التزام کیا گیا، وہ تدبیر جو میرے خیال میں ہے یہ ہے: ۱۔ کسی شفیق ماہر طبیب (معالج) کے مشورے سے مقویاتِ دماغ ومفرحاتِ قلب، ومقلاتِ سودا کا استعمال پابندی سے کرنا چاہیے (یعنی مناسب جسمانی علاج کرنا چاہیے)۔ ۲۔ ایسے مباح (جائز) کاموں میں لگنا چاہیے جس سے طبیعت میں نشاط ہو، جیسے: نہروں، باغات میں سیروتفریح کے لیے جانا۔ ۳۔ کسی وقت تنہا نہ رہیں۔ ۴۔ کوئی کام ایسا نہ کریں جس میں قوتِ فکریہ زیادہ صرف ہو (یعنی جس میں سوچنا زیادہ پڑے)۔ ۵۔ ایسا کوئی کام کرتے رہیں جس میں اعتدال کے ساتھ قوتِ فکریہ صرف ہو، بشرطیکہ اس سے دلچسپی بھی ہو۔ مثلاً: کوئی دست کاری اگر جانتے ہوں، یا نیک لوگوں کے اور انبیا وسلاطین کے حالات یا مواعظ کا مطالعہ کریں۔ ۶۔ دماغ میں روغن کدّو یا کاہو (یعنی دماغ کی قوت کا مناسب تیل) استعمال کریں۔ ۷۔ اگر اس پیر کا بھی تصور آئے تو کسی دوسرے ایسے بزرگ کا جس سے عقیدت ومحبت ہو اس طور سے تصور کرنا، گویا یہ بزرگ اس باطل گمراہ بزرگ کو مار کر ہٹا رہے ہیں اور وہ بھا گا جارہا ہے۔ ۸۔ اور جو تدبیریں آپ نے تجویز کی ہیں وہ بھی جاری رہیں (یعنی کرتے رہیں) اور یہ نئی تدبیریں زائد پابندی سے کریں۔ ان شاء اللہ شفا ہوجائے گی۔ ۹۔ اور اس شخص سے ہرگز نہ ملیں، نہ ایسے شخص سے ملیں جو اس سے خصوصیت (یعنی خاص تعلق) رکھتا ہو، یا اس کا تذکرہ کرے۔ والسلام1ایک اور شخص کا حال سوال: ایک شخص بذریعۂ حاضرات بھوت پلید اور جن چڑیل وغیرہ دور کرتا ہے۔ جس کی ترکیب یہ ہے کہ دو چراغ گھی کے جلا جلا کر سامنے رکھتا ہے اور پھر چراغوں کے سامنے آگ کے قریب ہی دو انگارے رکھ کر اس پر گھی جلاتا ہے اور چھوٹی عمر کے بچے کو پاس بٹھا کر ان چراغوں کی لو کے اندر دیکھنے کی ہدایت کرتا ہے اور وہ بچہ اس میں دیکھتاہے اور عجائب وغرائب مشاہدہ کرتاہے۔ اور سوال وجواب ہو کر بھوت وغیرہ اترجاتا ہے اور پانچ روپے کی شیرینی اور ایک مرغ بھی اور اگر مرغ دستیاب نہ ہو تو بکری کی کلیجی پر پکوا کر فاتحہ دیتا ہے۔ اور فاتحہ کا ثواب اللہ کے واسطے سلیمان ؑ اور بالا شہید اور سلطان شہید اور برہان شہید کی روح کو پہنچاتا ہے اور باقی شیرینی غریبوں کو تقسیم کردیتا ہے۔ اور مرغ یا کلیجی خود کھاتا ہے