ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
|
انطباق علی الحالات الجزئیہ انفع واوقع (بوجہ شخصی اور جزی حالات کے مطابق ہونے کے زیادہ نافع اور قابل فہم ہوتے ہیں 12)النفس ہوتے ہیں ـ ادھر تصنیفات کا سلسلہ بھی بوجہ کثرت خطوط ونظر اصلاحی مواعظ وغیرہ وہجوم طالبین وضعف قوی برائے نام رہ گیا ہے نظر بہ حالات موجودہ اس کی سخت ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ ضبط ملفوظات کا کوئی مستقل انتظام کیا جائے ـ کہ اب یہ ہی ایک صورت افاضہ عام کی باقی رہ گئی ہے ـ چناچہ حسن اتفاق سے ایک موقع خاص پر چند احباب خاص کا خانقاہ شریف میں اجتماع ہوا اور اس ضرورت شدیدہ کا تذکرہ ہو کر آپس میں ماہوار چندہ ہوا اور ایک صاحب کو جو ثقہ اور باسلیقہ ہیں ـ ملفوظات کیلئے مقرر کر دیا گیا جنہوں نے محض از راہ خلوص اپنی شان کے خلاف فی الحال بہت قلیل معاوضہ پر قناعت فرما کر اس خدمت کو رمضان المبارک 1350ھ سے اپنے ذمہ لے لیا فجزا ھم اللہ خیرالجزاء از عنایات قاضی حاجات ٭ باز شد انتظام ملفوظات کرد حق بحر فیض باز رواں ٭ اے خوشا عود عید در رمضان چونکہ مخلص افراد کے ماہوار چندہ سے ان افاضات یومیہ کے ضبط کا انتظام ہوا ہے اس رعایت سے اس مجموعہ کا نام ،، الافاضات الیومیہ من الافادات القومیہ ،، تجویذ کیا گیا جس کے اجزاء انشاءاللہ تعالی مثل دیگر مسودات ضبط شدہ بعد نظر اصلاحی حضرت اقد س وقتا فوقتا حسب موقع شائع ہوتے رہیں گے ـ اللہ تعالی کا مزید احسان یہ ہے کہ ساتھ کے ساتھ ان افاضات روزانہ کی اشاعت ماہانہ کا بھی انتظام رسالہ النور میں شروع ہو گیا ہے جس کے ذریعہ سے تازہ بہ تازہ ملفوظات ہدیہ مشتاقین ہوتے رہیں گے جن سے انشاء اللہ تعالی غائبین کو حضوری کا حاضرین مجلس کو جو بالمشافہ بھی سن چکے ہیں ـ قند مکرر کا لطف ہوگا ـ اگر خصوصیت کسی مضمون کی مقتضی ہوئی تو کچھ ملفوظات صاحب موصوف کے پاس سابق کے لکھے ہوئے بھی موجود ہیں وہ بھی اسی سلسلہ میں شائع کر دیے جائیں گے اور بغرض امتیاز ان کے آخر میں لفظ قدیم بین القوسین بڑھا دیا جائے گا ـ اب آخر میں دعا ہے کہ حق تعالی جل شانہ و عم نوالہ ،اس سلسلہ خیر کو مدت مدید تک جاری اور اس کے منافع و برکات کو قلوب طالبین میں ساری رکھے آمین ثم آمین ـ المفتقر الی رحمتہ اللہ الصمد الاحقر حافظ جلیل احمد رئیس علی گڑھ خازن چندہ ملفوظات ، مقیم خانقاہ امدادیہ تھانہ بھون ضلع مظفر نگر نصف شوال 1350ھ