ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
|
ماضی پر افسوس کرنا بھی حجاب مستقبل کا ہو جاتا ہے کہ اس تاسف میں غلو کے ساتھ مشغول ہو کر آئندہ کے لئے معطل ہو جاتا ہے ـ 14 رمضان المبارک 1350ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم شنبہ ملفوظ 174: ایک مولوی صاحب کی مفصل حالت اور حضرتؒ کی تشخیص ایک مولوی صاحب نے اپنی حالت بیان کی جس کے چار اجزاء تھے ـ نمبر 1: یہ کہ نماز میں اب یہاں رہ کر حضرت کی برکت سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ذات بحت بے کیف کے سامنے موجود ہوں اور نہایت عاجزی سے قصور کی معافی کی خواستگاری کر رہا ہوں مگر یہ کیفیت مستقر نہیں ہوتی جاتی رہتی ہے اور بعض ارکان میں بالکل خطرات مستولی ہو جاتے ہیں ـ بعض ارکان میں کسی خاص خیال محمود پر دل لگاتا ہوں بعض دفعہ ارکانی ادعیہ ( نماز کے ارکان میں جو دعائیں پڑھی جاتی ہیں ) کے معنی کی طرف خیال ہوتا ہے بعض دفعہ نہ معلوم کہاں چلا جاتا ہوں یہ بھی خبر نہیں ہوتی کہ نماز میں ہوں یا نہیں ایک حالت پر استقرار کیسے ہو ـ حضرت والا نے جواب میں فرمایا یہ تقلبات سفر (مختلف حالات ) ہیں اور تثبت منزل (ایک حالت پر اقرار ہو جانا ) ہے منزل پر رسائی سفر ہی سے ہوتی ہے اور کوئی طریق نہیں یوں ہی چلنے دیجئے انشاء اللہ تعالی ایک روز تثبت بھی عطا ہو جائے گا جس کی کوئی مدت متعین نہیں ہو سکتی جب تک حاصل نہ ہو اس کی طلب و قصد بھی قرب و قبول میں بجائے حصول ہی کے ہے ـ نمبر 2: یہ پختہ عہد کر لیا ہے کہ خدا چاہے کوئی گناہ نہ کرونگا اور اگر ہوا تو نفس کو خوب سزا دینی چاہئے مگر وہ سزا سمجھ میں نہیں آتی ـ جس سے یہ امارہ مطمئنہ ہو جائے ـ ( جواب ) میں فرمایا ہر ایک نفس کی سزا جدا ہے جیسے حضرات فقہاء نے شریف کی تعزیر اور لکھی ہے مثلا محکمہ قضاء میں بلا کر قدرے ملامت کر دینا بس آپ کے نفس کیلئے یہ ہی سزا کافی ہے مگر نفس غیر شریف کے لئے دوسری ہے ـ نمبر 3: فکر یہ ہے جب یہاں سے جا کر دوسرے کاموں میں مشغول ہو جاؤں گا تو یہ یاد داشت کیسے رہے گی ـ اس کی کیا تدبیر ہے ـ ( جواب ) میں فرمایا میرے معروضات زبانی یا مکاتبت کو ضبط