ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
|
نے قاعدہ بغدادی لے لیا ہے جو سب میں چھوٹا کام ہے بڑے بڑے حضرات بڑے بڑے کام کر رہے ہیں اور میں نے سب سے چھوٹی چیز لی ہے جس کو سب چھوٹا سمجھتے ہیں فرمایا کہ لوگ بے وضوء نماز پڑھنا چاہتے تھے - وضوء کروا کر نماز پڑھوانا چاہتا ہوں - ملفوظ 481: کچھ کرو خالی مت رہو ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ جو آپ فرما رہے ہیں یہ تو بڑے لوگوں کی باتیں ہیں ہم نے تو یہ سیکھا ہے کہ بھائی کچھ کرو خالی مت رہو - اور جو لوگ کچھ نہ کریں وہ کم از کم سمجھتے رہیں کہ ہم کچھ نہیں کر رہے ہیں یہ بھی ایک درجہ ہے اس پر فرمایا کہ میں نے تو اپنے جیسے کم ہمتوں کے لئے ڈھونڈ ڈھانڈ کر حضرت سعید ابن المسیب تابعی کا ایک قول نکالا ہے وہ فرماتے ہیں کہ عشاء کی نماز جماعت سے پڑھنے پر شب قدر کی فضیلت میسر ہو جاتی ہے ( کذافی جمع الفوائد بروایتہ مالک ) پھر فرمایا کہ صاحب ہم جیسے ضعیفوں کے لیے تو یہ بڑی نعمت ہے پھر قوت و ضعف کے تفاوت سے اعمال کی کثرت و قلت کے مناسب یہ واقعہ بیان فرمایا کہ یہ روایت سنی ہے مولوی محمد یسین صاحب یعنی مولوی محمد شفیع صاحب کے والد نفل روزے بہت رکھا کرتے تھے اور حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب رحمتہ اللہ علیہ کے یہاں جا کر افطار کیا کرتے تھے - ایک روز مولانا نے فرمایا کہ مولوی صاحب یہ نہ سمجھنا کہ میں روزے رکھتا ہوں اور یہ نہیں رکھتے ہم نے بھی بہت روزے رکھے ہیں - ملفوظ 482: شیخ سے عقیدت میں کمی پر نفع میں کمی ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ یہ بالکل صحیح ہے شیخ کے ساتھ جس قدر عقیدت کم ہو گی اسی قدر نفع کم ہوگا - ملفوظ 483: ایک صاحب کی خاموشی پر مؤاخذہ ایک نو وارد شخص سے اس کی غلطی پر حضرت والا نے مواخذہ فرماتے ہوئے فرمایا کہ میں نے صرف یہی تو پوچھا تھا کہ جو میں نے اس پرچہ میں لکھا ہے وہ تم کو منظور ہے یا نہیں جس پر