ملفوظات حکیم الامت جلد 1 - یونیکوڈ |
|
ملفوظ 154: ذکر میں زبان کی طرف توجہ ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ کیا ذکر کے وقت قلب ہی کی طرف متوجہ رہنا ضروری ہے اگر کبھی زبان کی طرف توجہ ہو جائے مضر تو نہیں فرمایا کہ کچھ تو توجہ زبان کی طرف بھی ضرور ہو گی مضرت کچھ نہیں لا یکلف اللہ نفسا الا وسعھا اور یہ غیر اختیاری ہے جس کا یہ مکلف نہیں ـ ملفوظ 155: اشغال کچھ نہیں اصل اعمال ہیں ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ یہ تو اشغال ہیں اور اشغال میری نظروں میں کچھ بھی نہیں اصل چیز تو اعمال ہیں انکے اہتمام کی ضرورت ہے ـ ملفوظ 156: بزرگوں کی زندہ دلی اور آجکل کا وقار ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا ! کہ ہمارے سب بزرگ زندہ دل تھے آپس میں ایک دوسرے سے مزاح بھی فرماتے تھے اور یہ متانت متعارفہ دلیل کبر کی ہے اور علامت ہے روح کے مردہ ہونے کی اور نفس کے زندہ ہونے کی اور خوش مزاجی دلیل ہے انکسار کی اور علامت ہے روح کے زندہ ہونے کی اور نفس مردہ ہونے کی ـ ایک شخص یہاں پر تھے وہ ذی علم بھی تھے مجھ سے ایک روز فرمایا کہ آپ کی فلاں فلاں بات وقار کے خلاف ہے ـ میں نے کہا میں تو پوچھتا ہوں کہ حضورؐ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ جو دوڑے تھے کیا یہ وقار کے خلاف ہے اگر نہیں تو آپ نے کبھی اس سنت پر عمل کیا ہے اپنی بیوی کے ساتھ روڑے ہوں اور میں نے بحمدالہ اس سنت پر عمل کیا ـ فرمایا کہ ایک ضروری بات یاد آئی حضور کے دوڑنے میں شبہ ہوتا تھا کہ مکان اس قدر وسیع کہاں تھا جس میں حضورؐ دوڑے مگر اب مسند احمد کی ایک روایت سے معلوم ہوا کہ یہ واقعہ سفر کی حالت میں تھا ـ حضورؐ ایک میدان میں حضرت عائشہ کے ساتھ پردہ کرا کر دوڑے تھے پھر ان صاحب نے کوئی جواب نہیں دیا چپ رہ گئے میں متانت اور وقار کو لئے پھرتے ہیں ـ