ملفوظات بڑے حضرتؒ رئیس العلماء شاہ ابوالسعود احمد رحمہ اللہ
رئیس العلماء ، بقیۃ السلف ، علامۂ زماں ، فقیہ النفس ، حافظ وقاری ، مولانا مفتی الشاہ ابوالسعود احمد رحمہ اللہ بانی دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلور نے ارشاد فرمایا:
(۱) خدا کی قدرت دیکھو کہ کروڑوں انسانوں کو پیدا کرتا ہے اور ہر ایک کی شکل الگ الگ رکھا، کسی فیکٹری میں کوئی چیزبنتی ہے تو کیا اس کی شکل الگ الگ ہوتی ہے ، ایسے ہی آواز ہے کہ سب کی الگ الگ ۔ یہ سب خدا کی قدرت ہے ۔
(۲) زبان ہے ، اس کے نیچے ایک چشمہ ہے ، ضرورت کے وقت پر وہاں سے پانی نکلتا ہے ، وہ پانی کہاں سے آتا ہے ، یہ بھی خدا کی ایک قدرت ہے ، عوام ان باریکیوں کی طرف متوجہ نہیں ہوسکتے ، اہل علم اس کی طرف زیادہ متوجہ ہوسکتے ہیں ۔
(۳) ہمارے لیے اصل اللہ کی مدد ہے ۔ غیر اللہ سے کچھ نہیں ہوتا۔ اللہ اگر مدد کرناچاہے تو کوئی نہیں روک سکتا اور اللہ کی مدد اس وقت آتی ہے جب کہ بندے اس کی طرف متوجہ ہوں ۔ اور اس کی طرف متوجہ ہونے کا طریقہ یہ ہے کہ اس کے احکامات پر عمل کریں اور پنجگانہ نمازی بن جائیں ۔
(۴) صرف پڑھنے سے اور کتابوں سے کچھ نہیں ہوتا ، عمل بہت ضروری ہے ۔
(۵) تمام انبیاء اس بات کے متفکر رہتے تھے کہ کوئی بھی جہنم میں نہ جائے ، اسی طرح ایک عالم کو بھی متفکر رہنا چاہیے۔