ختنہ کے طبی فوائد
شریعت اسلامی کا کوئی حکم اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی سنت انسانی فلاح ودنیا وآخرت کے کئی فوائد سے خالی نہیں ہوتے ۔ ختنہ کے عمل میں بھی بے شمار فوائد ہیں ، اس کی بعض مصالح پر ختنہ کی مشروعات کے وجوہ کے ذیل میں روشنی ڈالی گئی ہے ۔ یہاں حالیہ سائنسی تحقیقات کی روشنی میں ختنہ کے کچھ طبی فوائد کی طرف مختصراً اشارہ مفید ہوگا۔ ختنہ سے جنسی اعضاء کی صفائی اچھی طرح ہوتی ہے ، اور اس سے اعضاء کی نظافت کا کام اچھی طرح سے ہوجاتا ہے ۔ ختنہ کرنے سے بچوں کے اندر پیشاب کی نالی کی سوزش، پیشاب کی بندش ، گردے کی پتھری ، غیر ضروری شہوت اور خیالات کے انتشار ، اگزیما ، خارش اور الرجی جیسے امراض میں کمی واقع ہوجاتی ہے ، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ختنہ والی جگہ کے اندر ایک مادہ ہوتا ہے جو قضیب کا کینسر پیدا کرسکتا ہے ، ختنہ سے اس کے خطرات کم ہوجاتے ہیں ۔ اسی طرح ماہرین کا کہنا ہے کہ ایڈز جیسے موذی مرض سے حفاظت اور کسی حد تک اس کی روک تھام میں ختنہ کرانا بہت مفید اور موثر ثابت ہورہا ہے ۔
(مطبوعہ روزنامہ سالار02/05/2003اور25/04/2003، دو قسطوں میں )