اللہ کے نیک بندے مسجد کے باہر رہتے ہوئے بھی مسجد کے اندر رہتے تھے ، آج ہم مسجد کے اندر رہتے ہوئے بھی مسجد کے باہر ہوتے ہیں ۔ حضرت سالمؓ فرماتے ہیں کہ ایک روز حضرت عبداللہ بن عمرؓ بازار سے گذرے تو نماز کا وقت آگیا، لوگوں کو دیکھا کہ دکانیں بند کرکے نماز کی طرف جارہے ہیں تو فرمایا انہی لوگو ں کے بارے میں یہ ارشاد ہے یہ ایسے لوگ ہیں جنہیں خرید وفروخت اللہ کی یاد سے غفلت میں نہیں ڈالتی۔
قیامت کے دن نور کامل کے حقدار
حضرت برید ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ کے جو بندے اندھیریوں میں مسجد کی طرف جاتے ہیں ، ان کو بشارت سنادو کہ ان کے اس عمل کے بدلے میں قیامت کے دن ان کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے نور کامل عطا ہوگا، کس قدر خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو رات کی اندھیریوں میں مسجد کی طرف رخ کرتے ہیں اور ابدی روشنی کو پانے کے لیے وقتی اندھیریوں کو برداشت کرتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ ہر مومن کے دل میں نور کامل کا جذبہ پیدا فرمائے اور ا س کا ہمیں حقدار بنائے۔
ایمان کی گواہی دو
حضرت ابو سعید خدری ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ، جب تم کسی شخص کو دیکھو کہ وہ مسجد سے تعلق رکھتا ہے اور اس کی خدمت ونگہداشت کرتا ہے تو اس کے ایمان کی شہادت دو، کیونکہ اللہ تعالی فرماتا ہے اللہ کی مسجدوں کو وہی لوگ آباد کرتے ہیں جو ایمان رکھتے ہیں اللہ پر اور یوم آخرت پر۔ مسجدوں کی فکر رکھنے والوں کے لیے اس سے بڑا ایوارڈ اور کیا ہوسکتا ہے کہ نبی آخر الزماں نے اپنی امت کے افراد کو حکم دیا کہ ایسے فکر مندوں کے بارے میں ایمان کی گواہی دوجو مسجد سے تعلق رکھتے ہیں اور اس کی خدمت ونگہداشت کرتے ہیں ۔