جلسہ سیرت النبی یا سیاسی جلسے
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت باسعادت ہوئی، اس لیے اس ماہ میں سیرت کے جلسے منعقد کیے جاتے ہیں ، جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اوصاف حمیدہ کا ذکر خیر کیا جاتا ہے اور اس سے ہمارے ایمان کی تجدید کا سامان ہوتا ہے ۔ جس سے ہمارے دلوں میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت دوبالا ہوجاتی ہے ، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقوں پر چلنے میں اضافہ ہوتا ہے ۔ مگر افسوس کا مقام ہے کہ ایسے مبارک ومسعود جلسوں میں ہم نے دیکھا ہے کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بیانات کے ساتھ ساتھ سیاسی لوگوں کو بھی بلایا جاتا ہے ، اور سیاست میں مختلف قسم کی پارٹی کے لوگ ہوتے ہیں ، اب ان سیاست کے لوگوں کے لیے اچھا موقع ہے ، کیونکہ الیکشن قریب ہے ۔ ایسے موقع پر عوام الناس نہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلسوں کا فائدہ اٹھا پاتے ہیں نہ سیاست کے داؤ پیچ سمجھ سکتے ہیں ۔ لہٰذا میری عاجزانہ گذارش ہے کہ سیرت کے جلسے کرنے والے اس بارے میں خصوصی توجہ دیں اور ان مبارک جلسوں کے تقدس کی حفاظت کریں ۔ مزید براں ایک اور گذارش منتظمین جلسہ سے یہ ہے کہ سیرت کے جلسوں کے اشتہارات میں قرآنی آیات نہ چھپوائیں اور اشتہارات لگانے والے غلط اورگندگی جگہوں کے پاس اشتہارات نہ لگائیں اس سے قرآنی آیتوں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک نام کی بے حرمتی ہوتی ہے ۔ اس لیے پاکیزہ جگہ میں لگائیں ۔
مطبوعہ روزنامہ سالار 02/07/1999