حجاج کرام کی اس خاموشی اور اعلیٰ ظرفی سے یہ ایجنٹ حضرات ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں اور اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے بڑے بڑے علماء کرام کے ساتھ اشتہارات دیتے ہیں ۔ ایجنٹوں کی ان من مانیوں اور کوتاہیوں سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ یہ علماء کرام کوبھی خاطر میں نہیں لاتے ۔ صرف برائے نام اپنی تجارت کو فروغ دینے کے لیے ان کا استعمال کرتے ہیں ۔
بحیثیت رہبر قافلہ کے ساتھ تشریف لے جانے والے علماء کرام اور مفتیان عظام سے عاجزانہ گزار ش ہے کہ وہ اپنے قافلے میں محرم ونامحرم کے درمیان پردہ کرانے پر سخت متنبہ کریں اور رہائشی مکانات ، کھانے پینے اور متعلقہ انتظامات وسہولتوں پر خاص کر مناسک حج اور عمرہ کی ادائیگی کے مسائل اور حاجیوں پر کئے جانے والے ظلم اور کوتاہیوں پر سخت گرفت کریں تاکہ حجاج کرام اطمینان اور سکون کے ساتھ فریضہ حج ادا کریں ۔ ورنہ آپ حضرات کا مقام صرف لیبل کی طرح ہوجائے گا۔
اخبارات میں یہ خبر پڑھ کر بڑی مسرت ہوئی کہ کرناٹک حج عمرہ ٹور آپریٹر ایسوسی ایشن کا قیام بھی عمل میں آیاہے جس کا صدر دفتر بنگلور میں ہے۔ اور جناب اقبال صدیقی صاحب اس کے صدر ہیں ، موصوف آل انڈیا حج وعمرہ پرائیوٹ ٹور آپریٹر کے نائب صدر بھی ہیں ، موصوف پر بڑی ذمہ دار ی ہے کہ وہ کرناٹک کے ہر ٹور آپریٹر سے قافلہ کی تعداد ، رہائشی انتظامات اور متعلقہ سہولتوں کے بارے میں تمام تفصیلات اور جانکاری حاصل کرنے کے بعد اجازت نامہ دیں اور ان امور پر ہونے والی کوتاہیوں اور شکایتوں پر توجہ دیں ۔ ورنہ حجاج کرام کے قافلہ میں علماء کرام کی سرپرستی اور آپ کی صدارت بالکل بے معنی ہوکر رہ جائے گی اور یہ حج حج نہ ہوگا بلکہ تجارت ہوجائے گا۔
مطبوعہ روزنامہ سالار بنگلور 06/11/1998