تاریک فتنے اور قیامت کی علامات |
|
ضبطِ ولادت کا عمل کیا جائے گا: حضرت ابوہریرہفرماتے ہیں:ضرور ایسا ہوگا کہ بچہ ہونے کے خوف سے عورت کے پیٹ کو چاک کیا جائے گا اور رحم میں موجود شیئ کو لے کر پھینک دیا جائے گا ۔لَتُؤْخَذَنَّ الْمَرْأَةُ فَلْيُبْقَرَنَّ بَطْنُهَا ثُمَّ لَيُؤْخَذَنَّ مَا فِي الرَّحِمِ فَلْيُنْبَذَنَّ مَخَافَةَ الْوَلَدِ۔(ابن ابی شیبہ :37297)دین پر چلنا انتہائی مشکل ہوجائے گا: نبی کریمﷺ کا ارشاد ہے : لوگوں پر ایسا زمانہ آئے گا کہ اُس میں دین پر صبر و استقامت کے ساتھ جمنے والاایسا ہوگا جیسے انگارے کو مٹھی میں لینے والا۔يَأْتِي عَلَى النَّاسِ زَمَانٌ الصَّابِرُ فِيهِمْ عَلَى دِينِهِ كَالقَابِضِ عَلَى الجَمْرِ۔(ترمذی:2260) نبی کریمﷺ کا ارشاد ہے :بے شک تمہارے بعدایسے صبر و تحمل کے ایام آرہے ہیں جن میں اُس وقت تمہاری طرح دین کو تھامنے والا ایسا اجر و ثواب کا مستحق ہوگا جیسے تم میں سے پچاس لوگوں کا اجر۔صحابہ کرام نے سوال کیا کہ ہمارے پچاس یا اُن کے پچاس کے برابر؟ آپﷺنے ارشاد فرمایا: تم میں سے پچاس کے برابر، کئی دفعہ تین یا چار مرتبہ یہی سوال کیا گیا ،آپﷺ نے وہی جواب دیا۔إِنَّ مِنْ وَرَائِكُمْ أَيَّامَ الصَّبْرِ، الْمُتَمَسِّكُ فِيهِنَّ يَوْمَئِذٍ بِمِثْلِ مَا أَنْتُمْ عَلَيْهِ لَهُ كَأَجْرِ خَمْسِينَ مِنْكُمْ» ، قَالُوا: يَا نَبِيَّ اللهِ، أَوَمِنْهُمْ؟ قَالَ: «بَلْ مِنْكُمْ» ، قَالُوا: يَا نَبِيَّ اللهِ، أَوَمِنْهُمْ؟ قَالَ: «لَا، بَلْ مِنْكُمْ» ثَلَاثُ مَرَّاتٍ أَوْ أَرْبَعًا۔(طبرانی کبیر:289)اِس سے معلوم ہوا کہ دین پر اُس وقت چلنا بہت مشکل ہوگا لیکن ثواب بھی اللہ تعالیٰ صحابہ کرام والا عطاء فرمائیں گے ۔قیامت کی نشانیاں پے در پے آئیں گی : نبی کریمﷺ کاارشاد ہے :قیامت کی نشانیوں کی مثال ایسی ہے جیسے سوراخ کیے ہوئے موتی جو ایک لڑی میں پرودیے گئے ہوں، پس اگر وہ لڑی ٹوٹ جائے تو وہ دانے ایک کے پیچھے مسلسل گرتے چلے جائیں گے۔الْآيَاتُ خَرَزَاتٌ مَنْظُومَاتٌ فِي سِلْكٍ، فَإِنْ يُقْطَعِ السِّلْكُ يَتْبَعْ بَعْضُهَا۔(مسند احمد :7040)