تاریک فتنے اور قیامت کی علامات |
|
جانور اور جمادات انسانوں سے باتیں کریں گے: نبی کریمﷺکا ارشاد ہے:قیامت قائم نہیں ہوگی یہاں تک کہ درندے انسان سے باتیں کریں گے، کوڑے کا کنارہ ، جوتے کا تسمہ تک انسان سے بات کرے گااور انسان کو اُس کی ران بتادے گی کہ اُس کے گھروالوں نے اُس کے پیچھے کیا کیا تھا ۔وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ لَا تَقُومُ السَّاعَةُ حَتَّى تُكَلِّمَ السِّبَاعُ الإِنْسَ، وَحَتَّى تُكَلِّمَ الرَّجُلَ عَذَبَةُ سَوْطِهِ وَشِرَاكُ نَعْلِهِ وَتُخْبِرَهُ فَخِذُهُ بِمَا أَحْدَثَ أَهْلُهُ مِنْ بَعْدِهِ۔(ترمذی:2181)عَنْ أَبِي عُثْمَانَ النَّهْدِيِّ أَنَّ حُذَيْفَةَ بْنَ الْيَمَانِ قَالَ: بَيْنَمَا قَوْمٌ يَتَحَدَّثُونَ إِذْ تَمُرُّ بِهِمْ إِبِلٌ قَدْ عُطِّلَتْ , فَيَقُولُونَ: يَا إِبِلُ , أَيْنَ أَهْلُكَ؟ فَتَقُولُ: أَهْلُنَا حُشِرُوا ضُحًى۔(ابن ابی شیبہ :37756)لونڈی اپنے آقا کو جنے گی : نبی کریمﷺنے قیامت کی نشانیاں بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:جب باندی اپنے مالک کو جنے گی اور جب ننگے پاؤں ننگے بدن والے مفلس بکریاں چرانے والے ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر عمارتیں بلند کرنے لگیں گے۔قَالَ: فَأَخْبِرْنِي عَنْ أَمَارَتِهَا، قَالَ:أَنْ تَلِدَ الْأَمَةُ رَبَّتَهَا، وَأَنْ تَرَى الْحُفَاةَ الْعُرَاةَ الْعَالَةَ رِعَاءَ الشَّاءِ يَتَطَاوَلُونَ فِي الْبُنْيَانِ۔(مسلم:8) آقا کو جننے کا مطلب : اِس کے کئی مطلب ذکر کیے گئے ہیں : اِس میں ماؤں کی نافرمانی کی طرف اشارہ ہے ، یعنی لوگ اپنی ماؤں کے ساتھ بدسلوکی کرنے لگیں گے ،جو معاملہ باندی کے ساتھ مار پیٹ ، گالیاں دینےاور خدمت لینے کا کیا جاتا ہے وہی ماں کے ساتھ معاملہ کیا جائے گا ۔ یہ بھی مطلب مراد لیا گیا ہے کہ اِس سے مراد باندیوں کی اولاد کا بادشاہ بننا ہے ، یعنی باندیوں کی اولاد بادشاہ بنے گی ، اِس اعتبار سے یہ باندی بھی دوسرے لوگوں کی طرح اس بادشاہ کی رعیّت ہوگی ، چنانچہ یہ ایسا ہی ہوجائے گا کہ گویا ”باندی نے اپنی اپنے آقا کو جَنا ہے“۔تاریخِ اِسلام میں ایسی بہت سی مثالیں گزری ہیں کہ باندی کے بیٹے حاکم اور بادشاہ بنے ، مأمون الرّشید بھی باندی کے بطن سے پیدا ہوا تھا ۔