ارشادات درد دل |
ہم نوٹ : |
|
مجلس بعد عصر برمکان مفتی حسین بھیات صاحب (لینیشیا) خزانۂقربِ الٰہی اور قلبِ ویراں ارشاد فرمایا کہجب تک اپنی خواہشات کو، وہ خواہشات جو مرضیٔ الٰہی کے خلاف تمہارے دل میں گرم تر ہیں ان کو ویران نہیں کروگے اس وقت تک نسبت کا خزانہ، قُرب کا خزانہ اس قلب میں دفن نہیں ہوگا کیوں کہ پُرانے لوگ خزانہ کسی جنگل میں دفن کرتے تھے اور یادداشت کے لیے کوئی نشانی نوٹ کرلیتے تھے کہ فلاں درخت سے فلاں فاصلے پر اتنے گز گہرائی میں خزانہ مدفون ہے ؎ گنج در ویرانی است اے میرمن مولانا رومی رحمۃ اﷲ علیہ فرماتے ہیں کہ اے میرے سردار، دیکھو!دَعْوَۃ اِلَی اﷲ کے طریقے مولانا روم سے سیکھو کہ اپنے سامعین کو جن کو دعوت دے رہے ہیں ان کو میر بنا رہے ہیں کہ اے میرے سردار، خزانہ تو ویرانے ہی میں ہوتا ہے۔ تم اپنی خواہشات کو ویران کرنے میں کیوں دیر کرتے ہو، خزانہ لینے میں کوئی تاخیر کرتا ہے؟ یہ بڑے تعجب کی بات ہے! خواہشات کو ویران کیوں نہیں کرتے ہو ظالمو! خواہشات کو ویران کرنے ہی سے خدا ملے گا ؎ سارے عالم میں یہی اخترؔ کی ہےآہ و فغاں چند دن خونِ تمنا سے خدا مل جائے ہے ترے ہاتھ سے زیرِ تعمیر ہوں میں مبارک مجھے میری ویرانیاں ہیں اﷲ تعالیٰ اس قلب کی تعمیر کرتے ہیں، خزانۂ قربِ الٰہی اس کو نصیب ہوتا ہے جو اپنی بُری خواہشات کو ویران کردیتا ہے ؎ تجلی ہر اک دل کی اخترؔ الگ ہے مہربانیاں جیسی قربانیاں ہیں