اعمال قرآنی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
|
الحفیظ: سفر وغیرہ میں جہاں کہیں کسی قسم کا خوف ہو اس کے دور کرنے کے لیے اس کی کثرت نافع ہے۔شک وتردد دور کرنے کے واسطے: المؤمن: اس سے شک اور تردد اور خوف زائل ہوتا ہے۔شیاطین سے امن: المہیمن: نگین پر پانچ بار کندہ کرکے پہننے سے ظالموں اور شیاطین انس وجن سے محفوظ رہے۔برائے جملہ مشکلات وانکشافات وغیرہ: النور الباسط: اگر کسی بات کا خواب میں دیکھنا منظور ہو تو باوضو بستر پر لیٹ کر ان کو بکثرت پڑھے خواب میں اس کا انکشاف ہوجائے گا، اور اگر اسم ’’نُوْرٌ‘‘ کو جدا جدا حروف میں اس طرح ن و ر پانچ بار لکھ کر جس شخص کومعدہ کی یا خفقانِ قلب کی شکایت ہو پلائیں اللہ تعالیٰ اس کی شکایت دفع کریں، اور اگر موضع درد میں رکھ دیں تو درد کو سکون ہو، اور اگر کوئی بات سمجھ میں نہ آتی ہو یا راہ گم کرگیا ہو تواس اسم کو دو سو چھپن بار خوش اعتقادی سے پڑھنے سے حقیقتِ امر منکشف ہوجائے گی اور راستہ معلوم ہوجائے گا۔ترقیٔ علم وتسکینِ شہوت وبرکتِ زراعت وغیرہ: العلیم الحکیم: اس سے علم وفن میں ترقی اور سہولت ہو، اور اگر اس کے ساتھ ’’عظیم‘‘ اور جتنے اسما کے وسط میں حرفِ یا ہے سب کو لکھ کر نہار منہ دھو کر پیے تو شہوتِ جسمانیہ کو سکون ہو، اور اگر ان اسما کو ہل پر باوضو لکھ کر جوتا جائے تو کھیت میں بڑی برکت ہو، اور اگر اس کو کدال یا پھاؤڑے پر لکھ کر کنواں کھودا جائے تو پانی آسانی سے نکلے۔خوف دور کرنا: الرؤوف المنان: خوف زدہ لوگوں کے واسطے اس کا ذکر بکثرت کرنا موجبِ طمانیت قلب ہے۔کشادگیٔ رزق وحاجت روائی: الکریم الوہاب ذو الطول: جس کی روزی تنگ ہو یا کوئی حاجت در پیش ہو اس کی کثرت سے فراخی وکاربراری ہو۔مصیبت کے وقت: اللطیف: شدائد کے وقت اس کی کثرت مفید ہے۔