اعمال قرآنی - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع |
ضمیمۂ آثار تبیانی ملقب بہ اسرار اسمائے ربانی بسم اللہ الرحمن الرحیم بعد الحمد والصلوٰۃ، اسمائے الٰہیہ کی چند خاصیتیں بحیثیت ضمیمہ آثار تبیانی لکھی گئی ہیں۔ ان اسما کے جملہ خواص اور ان سے متعلق بعض نکات اور یہ کہ بندہ کو ان سے کس طرح استفادہ کرنا چاہیے جس سے تخلق باخلاق اللہ کی دولت نصیب ہو، ان تمام امور کا بیان رسالہ ’’اورادِ رحمانی‘‘ میں ہوچکا ہے۔ یہاں صرف بعض خواص مذکور ہیں:کمالِ یقین، آسانیٔ مطلوب وشفائے مریض: اللّٰہ خاصیت: جو شخص ہزار مرتبہ روزانہ پڑھے اللہ تعالیٰ اس کو کمالِ یقین نصیب فرماوے۔ اور جو شخص جمعہ کے روز قبل نمازِ جمعہ پاک صاف ہو کر خلوت میں دو سو بار پڑھے اس کا مطلب آسان ہو، خواہ کیسا ہی مشکل ہو۔ اور جس مریض کے علاج سے اطبا عاجز آگئے ہوں اس پر پڑھا جائے تو اچھا ہوجائے، بشرطے کہ موت کا وقت نہ آگیا ہو۔دفعِ نسیان وغفلت وحفظ از مکروہ وتحسینِ اخلاق: الرَّحمٰن خاصیت: ہر نماز کے بعد سو بار پڑھنے سے قلب کی غفلت اور نسیان دفع ہو، اور بکثرت اس کا ذکر کرنے والا ہر امرِ مکروہ سے محفوظ رہے، اور اگر اس کو مشک وزعفران سے لکھ کر کسی محفوظ جگہ کسی بد خلق آدمی کے گھر میں دفن کردیا جائے تو اس میں حیا اور ترحم اور مسکنت پیدا ہو۔رقتِ قلب: الرَّحِیمُ خاصیت: جو شخص روزانہ سو بار پڑھے اس کے قلب میں رقت اور شفقت پیدا ہو اور کسی امرِ ناگوار کا اندیشہ نہ ہو۔برائے برکتِ درختِ پھل ومحبت وغیرہ: الرَّحْمٰن الرَّحِیْم خاصیت: اس کی کثرت کرے یا لکھ کر باندھے، اور اگر اس کو لکھ کرپانی سے دھو کر وہ پانی کسی درخت کی جڑ میں ڈال دیں اس کے پھل میں برکت پیدا ہو، اور اگر کسی کو گھول کر پلادے اس کے دل میں کاتب کی محبت پیدا ہو۔ اسی طرح اگر طالب مطلوب کا نام مع ان کی والدہ کے لکھے مطلوب اس کی محبت میں سر گرداں ہو، بشرطے کہ جائز محبت ہو۔