ملفوظات حکیم الامت جلد 5 - یونیکوڈ |
|
نا عاقبت اندیش لیڈروں نے مالا بار میں جا کر موپلوں کی قوم کو اشتعال دے کر حکومت سے لڑا دیا ان کا جو کچھ انجام ہوا ظاہر ہے پھر جب ان پر وقت پڑا ان بے چاروں کی نہ کسی لیڈر نے خبر لی اور نہ ان کے ہم خیال مولوی ہی ان کی امداد کو پہنچے ایسی ہی صورت یہ لو گ ہندوستان کی بنانا چاہتے تھے کہ عام مسلمانوں کو پھنسا دیتے اور خود انگریزوں کے ساتھ مل جاتے اب یہ عوام ہی گرفتار ہوتے جیل خانوں میں جاتے پھانسیاں پاتے ان کے بچے یتیم اور عورتیں بیوہ ہوتیں مگر نہ کوئی ان کا خبر گیراں ہوتا اور نہ پرسان حال اس لئے کہ ان میں نہ کوئی تنظیم ہے نہ کوئی ضابطہ اور قاعدہ ۔ دین و دنیا دونوں کو برباد کیا مگر اللہ رسول کے احکام کے خلاف کیا احکام اسلام کو پامال کیا مسائل شرعیہ کی بے حرمتی کی اہل حق پر بہتان لگائے کیا ملا سوائے خسران اور حرمان کے پھر اس پر دعوی کہ ہم عقلاء ہیں میں تو کہا کرتا ہوں کہ عاقل نہیں آکل ، ہیں عقل کی ایک بات بھی نہیں ہر وقت اکل کی فکر ہے اگر نصرانیوں سے اللہ و رسول کے واسطے ان کی جنگ ہوتی تو ان سے زیادہ دشمن اسلام یعنی ہندوؤں کو بغل میں نہ لیتے سب سے الگ رہ کی کام کرتے تدابیر مشروعہ پر عمل کرتے حدود کا تحفظ کرتے پھر دیکھتے کہ نصرت حق کیسا ساتھ دیتی ہے اور اگر اس حالت میں بفرض محال سب کے سب بھی مٹ جاتے فنا ہو جاتے تب بھی ناکامی نہ تھی اس لئے کہ آخرت کا سنور جانا مسلمان کی اصل کامیابی ہے مگر وہاں تو مقاصد ہی اور ہیں دلوں میں دلولے اور نیتیں ہی کچھ اور ہیں کچھ نقشے جمائے بیٹھے ہیں ان کی نبضیں بحمد اللہ بفضل ایزدی خوب پہچانتا ہوں سن لیجئے وہ مقاصد کیا ہیں وہ یہ ہیں کہ حکومت ہاتھ آئے گی کوئی بادشاہ بنے گا کوئی و یسرائے کوئی گورنر کمشنر کوئی کلکٹر خوب مال وجاہ کے مالک ہوں گے اور دلولے وہ یہ ہیں کہ ان چیزوں کے یعنی ہمارے مقاصد کے اندر جو سدراہ ہیں یعنی حکام شرعیہ ان کا خاص انتظام کریں گے یعنی اپنی اغراض کے مطابق ان میں تاویل کریں گے اور نیتیں یہ ہیں کہ ان احکام کے بتلانے والے اور ان کے خلاف روک ٹوک کرنے والے فتوی دینے والے جو مولوی ملا ہیں ان کو ٹھیک کریں گے پھر جب یہ سب کام ہو جائے گا پھر آزادی سے بسر ہو گی جو اس مثل کا مصداق ہو گی ،، بڈھا مرے یا جوان اپنی ہتھیا سے کام مردہ بہشت میں جائے یا دوزخ میں اپنے حلوے انڈوں سے کام ،، یہ تو پرانا مقولہ ہے بجائے اس کے یوں کہنا چاہئے کہ اپنے کیک بسکٹ انڈوں