(۱۳)امت محمدیہ کا مسیح اور اسرائیلی مسیح دو الگ الگ شخص ہیں اور مسیح محمدی اسرائیلی مسیح سے افضل ہے
مسیح ایک ہے اور وہ اسرائیلی ہے
(۱۴)حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے کوئی حقیقی مردہ زندہ نہیں کیا
حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے مردہ زندہ کئے ہیں
(۱۵)آنحضرتﷺ کا معراج جسم عنصری کے ساتھ نہیں ہوا
آنحضرت کا معراج جسم عنصری کے ساتھ ہوا
(۱۶)خدا کی وحی آنحضرتﷺ کے ساتھ منقطع نہیں ہوئی
منقطع ہوئی
دستخط حاکم (بحروف انگریزی)
مرزاغلام احمد محمد کرم الدین
منجملہ ان فوائد کے جو اس مقدمہ سے ہوئے یہ بھی ہے کہ اب عقائد قادیانی کا پورا پتہ فہرست مذکورہ صدر سے مل گیا۔ یوں تو مرزاقادیانی کے عقائد کا پورا پتہ نہ چلتا تھا۔ مرزاقادیانی اور ان کے مرید ہمیشہ موقعہ بموقعہ اپنے عقائد بدل لیا کرتے تھے۔ کہیں ایک عقیدہ ظاہر کرتے اور پھر دوسرے موقعہ پر اس سے انکار کر دیتے تھے۔ لیکن یہ فہرست عقائد جو عدالت میں انہوں نے خود مرتب کر کے داخل کر دی ہے اور جس کی نقل مصدقہ عدالت ہو بہو درج کر دی گئی ہے۔ اب اس سے انکار کرنا ان کو مشکل ہے اور اگر اب انکار کریں گے تو یہ آئینہ ان کے منہ کے سامنے کر دینا کافی ہوگا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ ایسے عقائد مرزاقادیانی کے سوا پہلے بھی کسی مسلمان کے ہوئے ہیں یا نہیں؟ اور یہ عقائد کہاں تک شریعت غرّہ کی بنیاد کو اکھیڑنے والے اسلام کی مضبوط اور محکم دیوار میں رخنہ کرنے والے۔ انبیاء عظام اور اولیائے کرام کی توہین کا کوئی دقیقہ باقی نہ چھوڑنے والے۔ قرآن کریم کی صریح تکذیب کرنے والے ہیں۔
اگرچہ اس موقعہ پر اس فہرست پر بسط سے کلام کرنے کی گنجائش نہیں۔ لیکن پھر بھی مسلمان بھائیوں کو توجہ دلانے کے لئے ذیل میں کسی قدر فہرست مندرجہ بالا کے بعض نمبرات پر مختصر بحث کی جاتی ہے۔ امید ہے کہ ناظرین غور فرمائیں گے۔