الف… یہ مسئلہ اپنی اہمیت کے اعتبار سے ایسا نہیں کہ اس میں صرف رائے زنی سے کام لیا جاوے۔ بلکہ اس کے اثبات کے لئے نصوص قطعیہ کا ہونا ضروری ہے۔ لہٰذا کوئی ایسی نص پیش کیجئے جو نبوت غیرمستقلہ کے عدم انقطاع پر صراحتاً دال ہو۔
ب… نبوت غیرمستقلہ کے ملنے کا دارومدار کیا چیز ہے۔ اس کی تعیین ودلیل تعیین، دونوں کے بیان کرنے کے بعد بتلائیے کہ وہ چیز صحابہ کرامؓ میں بھی تھی یا کہ نہیں۔ اگر تھی تو ان کو نبوت کیوں نہ ملی اور اگر نہیں تھی تو یہ بات اجماع امت کے خلاف ہے۔ کیونکہ صحابہ کرامؓ کا تمام امت میں افضل ہونا مجمع علیہ ہے اور صورت مفروضہ میں غیرصحابی کا صحابہؓ سے افضل ہونا لازم آتا ہے۔ لہٰذا یہ شق جو مستلزم ہے خلاف اجماع کو۔ یہ مردود ہے اور قابل تسلیم نہیں اور علاوہ اس کے یہ بات فیصلہ عقل کے بھی خلاف ہے۔ کون سا عاقل اس بات کو تسلیم کر سکتا ہے کہ منشی غلام احمد جیسوں میں ایسی خوبی پائی جاوے جس سے ابوبکر صدیقؓ جیسے حضرات بھی محروم رہے ہوں۔ العیاذ باﷲ!
ج… کیا حضور سید یوم النشورﷺ کے بعد ساڑھے تیرہ سو سال میں کوئی نبی مبعوث ہوا ہے یا نہیں۔ اگر ہوا ہے تو اس کا حوالہ عنایت ہو اور اگر نہیں ہوا تو اس کی وجہ بیان فرمادیجئے کہ باوجود نبوت منقطع نہ ہونے کے اس قدر زمانہ دراز تک لوگوں کو اس نعمت عظمیٰ سے کیوں محروم رکھا گیا؟
دلیل چہارم
نبوت اور رسالت اور نبی یہ تینوں کلیں ہیں۔ خواہ از جنس متواطی ہوں یا ازجنس مشکک۔ ان تینوں پر لائے نفی جنس واقع ہوا ہے جو مفید استغراق ہوتا ہے عند النحاۃ۔ پس نبوت کی نفی سے تمام افراد نبوت کی نفی ہوگئی اور رسالت کی نفی سے تمام افراد رسالت کی نفی ہوگئی اور نبی کی نفی سے تمام افراد نبی کی نفی ہوگئی اور نبوت غیرتشریعی بھی افراد نبی سے ہے۔ پس اس کی بھی نفی ہوگئی۔ لہٰذا حضور سید یوم النشورﷺ کے بعد نبی غیرتشریعی بھی نہیں آسکتا۔
اجرائے نبوت پر مرزائی دلائل اور ان کے جوابات
پہلی دلیل
’’اﷲ یصطفی من الملٰئکۃ رسلا ومن الناس (الحج:۷۵)‘‘ {اﷲہی چنتا ہے یا چنے گا فرشتوں میں سے رسول اور انسانوں میں سے۔} اس آیت میں یصطفیٰ مضارع کا صیغہ ہے جو حال اور استقبال دونوں کے لئے آتا ہے۔ پس یصطفیٰ کے معنی ہیں چنتا ہے یا چنے گا مگر اس آیت میں یصطفیٰ سے حال مراد نہیں لیا جاسکتا۔ کیونکہ لفظ رسل جمع ہے اس سے مراد