پاس نہیں ہے۔ مگر زبانی یادداشت سے مجھ کو یہ تاریخیں یاد ہیں۔
سوال… کیا آپ نے اس کتاب کا کوئی مضمون ۶؍اکتوبر ۱۹۰۲ء سے پہلے بھی لکھا تھا؟
جواب… میں اس کو اچھی طرح سے بیان نہیں کر سکتا۔ یعنی مجھ کو یہ یاد نہیں ہے۔ میں نہیں کہہ سکتا کہ لکھا ہو یا نہ لکھا ہو۔ مورخہ ۱۵؍دسمبر ۱۹۰۳ء
العبد مرزاغلام احمد بحروف فارسی، میں نے خود پڑھ کر دستخط کئے دستخط حاکم
مولوی برکت علی صاحب منصف کی شہادت
ملزم کا بیان لکھا جانے کے بعد پھر مولوی غلام محمد صاحب کی شہادت ہوکر جرح ختم ہوئی۔ دوسرے روز ۱۶؍دسمبر کو جناب مولوی برکت علی صاحب منصف بٹالہ کی شہادت شروع ہوئی۔ چونکہ مولوی صاحب ایک بڑے لائق اور فاضل مشہور شخص ہیں۔ آپ کی شہادت سننے کے لئے بہت سے لوگ اہل کاران وغیرہ جمع ہوگئے اور کمرہ عدالت میں ایک خاصہ ہجوم ہوگیا۔ مرزاقادیانی کے لائق وکلاء نے بامداد مرزائی جماعت مولویوں کے بہت کچھ سوالات جرح لکھ رکھے تھے اور ان کا خیال تھا کہ زبردست جرح سے فاضل گواہ کی شہادت میں سقم پیدا کر دیں گے اور اگرچہ منصف صاحب کی قابلیت علم انگریزی میں تو مسلم تھی لیکن کسی کو اس بات کا علم نہ تھا کہ آپ کی لیاقت عربی علوم میں کیسی ہے اور اس شہادت میں سوالات عربی علم، ادب کے متعلق ہونے تھے اور الفاظ استغاثہ کردہ جو عربی تھے ان کی تشریح لغت گرامر اور علم ادب کے رو سے ہونی تھی۔ اس لئے مرزائی سمجھے ہوئے تھے کہ گواہ سوالات جرح کے جوابات میں چکر کھا جائے گا۔ لیکن جس وقت خواجہ کمال الدین صاحب وکیل ملزم نے گواہ مذکور پر جرح کرنی شروع کی تو اس قابلیت اور لیاقت سے فاضل گواہ نے جواب دینے شروع کئے کہ تمام عربی دان فضلاء جو کمرۂ عدالت میں موجود تھے سن کر حیرت زدہ ہوگئے۔ آپ نے الفاظ استغاثہ کردہ کی تشریح بموجب علم صرف ونحو کے جس وقت بیان کی تو سوالات (وکیل جرح کنندہ) کو ساری جرح بھول گئی اور کچھ پیش نہ جا سکی۔ آخر تھک کر رہ گئے اور جرح ختم کر دی۔ منصف صاحب کی گواہی مستغیث کی اعلیٰ حیثیت اور الفاظ استغاثہ کردہ کے سخت مزیل حیثیت الفاظ ہونے اور ان سے مستغیث کی ازالہ حیثیت عرفی ہونے کے متعلق تھی۔ منصف صاحب کی شہادت سے (جو بالکل آزادانہ اور بے لاگ شہادت تھی) عدالت کو معلوم ہوگیا کہ واقعی الفاظ بنائے استغاثہ سخت سنگین ہیں اور مستغیث کی حیثیت کا ازالہ کرتے ہیں۔ یہ بات بھی ذکر کرنے کے قابل ہے کہ اثناء جرح میں وکیل ملزمان نے ایک چھپی ہوئی عربی تحریر (جس کو مرزاقادیانی نے مشکل لغات جمع کر کے مرتب کیا تھا)