اگر یہ یاد ہے تو ہر نماز کے بعد اور صبح و شام پڑھنے کا اس کا اہتمام ہو اور اگر آیۃ الکرسی یاد نہیں ہے تو ہم پہلی فرصت میں اس کو یاد کریں۔
آیۃ الکرسی کی اتنی فضیلت کیوں؟
مفسرین فرماتے ہیں کہ کیا وجہ ہے،حضور ﷺ نے اس کی اتنی فضیلت کیوں بتائی؟ اور اس کو کیوں قرآن پاک کی عظیم ترین آیت کہا ہے؟ مفسر نسفیؒ فرماتے ہیں کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ آیت علومِ توحید پر مشتمل ہے، اس میں اسرارِ الوہیت اور اللہ تبارک وتعالیٰ کی وحدانیت کا بیان بہت زیادہ جامع طریقے سے موجود ہے اور پوری مخلوق میں سب سے اعظم ترین چیز علمِ توحید ہے۔ توحید کا علم سب سے بڑا ہے،۱؎ چونکہ آیۃ الکرسی میں توحید کا علم اللہ تعالیٰ نے بہت زیادہ جامع طریقے سے سمودیا ہے، اس لیے حق تعالیٰ نے اس آیت کو یہ شرف اور فضیلت مرحمت فرمائی۔ اس کا مفہوم یہ ہوا کہ جب علمِ توحید سب سے زیادہ فضیلت والا علم ہے تو اس کو حاصل کرنا بھی سب سے زیادہ اہم ہے اور جو علمِ توحید کو حاصل کرے گا وہ سب سے زیادہ فضیلت والا ہوجائے گا۔
علمِ توحید عظمت وبلندی کا ذریعہ
تاریخ شاہد ہے کہ جو توحید میں زیادہ دلچسپی لیتا ہے اللہ تعالیٰ اُس کو عظیم بنادیتے ہیں۔ بہت کم لوگ اس راز کو سمجھے ہوئے ہیں کہ آیت میں توحید کا مضمون ہونے کی وجہ سے یہ آیت سب سے عظیم ہوگئی اور جس نے بھی توحید کو سب سے اہم مضمون بنایا وہ عظیم ہوگیا۔
-----------------------------------------------------
۱؎ : تفسیر نسفی:۱ /۱۳۴۔