ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
ذکر ریائی کی مثال : ( 104) فرمایا ـ حضرت حاجی صاحبؒ نے ایک بزرگ کا قول نقل فرمایا کسی نے ان سے کہا فلاں شخص ریاء سے ذکر کرتا ہے - فرمایا کہ تم تو اتنا بھی نہیں کرتے قیامت کے روز اس کے لئے یہی ذکر ٹمٹاتا ہوا چراغ بن کر رہبری کرے گا اور تم تاریکی ہی میں رہ جاؤ گے ـ اور حضرت حاجی صاحبؒ نے یہ بھی فرمایا کہ ریا اول اول ریا ہوتی ہے پھر عادت ہو جاتی ہے ـ اس کے بعد عبادت ہو جاتی ہے - نفس کا ایک دقیق : (105) حضرت حاجی صاحب نے فرمایا کہ نفس بعض اوقات ریاء کے بہانہ سے ذکر سے روکتا ہے - اس کا علاج یہ ہے کہ نفس کو اس وقت یہ کہدے کہ ذکر تو جہر سے ہی کروں گا اور ریاء کا جو اس میں احتمال ہے اگر وہ واقع ہو گئی تو اس سے توبہ کر لوں گا ـ اللہ تعالی سے ریاء : (106) فرمایا کہ نفس بعض اوقات اللہ تعالی سے بھی ریا کرتا ہے صورت اس کی یہ ہے کہ اولا تو لوگوں کے سامنے - مثلا لمبی نماز پڑھتا ہے اور خلوت میں چھوٹی پھر اس ریاء کے الزام سے بچنے کے لئے خلوت میں بھی لمبی نماز اس نیت سے پڑھتا ہے کہ اللہ تعالی یوں نہ فرما دیں کہ لوگوں کے سامنے تو لمبی نماز پڑھتا ہے اور ہمارے سامنے چھوٹی اور اصل مقصود لوگوں ہی کے سامنے طویل نماز پڑھنا ہوتا ہے - اس طرح سے اللہ تعالی سے ریاء کرنے لگتا ہے ـ