ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
مصلح کے لئے ایک ہدایت : ( 279) فرمایا ـ میں دنیوی معاملات میں کسی کو مشورہ دینا پسند نہیں کرتا ـ اہل طریق نے مصلح کے لئے ممانعت کی ہے کہ جو محض دین کی تعلیم کرتا ہو وہ طالبین کے دنیوی معاملات میں دخل نہ دے ـ چنانچہ خود اپنے گھر میں اعزا مجھ کو بڑا سمجھ کر اکثر مجھ ہی سے پوچھتے ہیں مگر میں دخل نہیں دیتا عذر کر دیتا ہوں ـ بچوں کے رشتہ وغیرہ کے بابت اکثر میرے بھائی دریافت کرتے ہیں ـ مگر میں کہہ دیتا ہوں کہ تم اپنے بچوں کے مصالح دیکھ کر جو چاہو کرو ـ جس کی اولاد ہو وہ تو مجبور ہے یہ کیا واہیات بات ہے ـ باقی جب خدا تعالی نے اس جھگڑے سے علیحدہ رکھا ہے پھر میں کیوں معاملات میں پڑوں اور اکثر ایسے موقع پر یہ شعر پڑھ دیتا ہوں ـ ما ہیچ نداریم غم ہیچ نداریم دستار نداریم غم ہیچ نداریم ( ہم کچھ بھی نہیں رکھتے اس سے ہمارے پاس کچھ بھی غم نہیں ہمارے پاس دستار نہیں ہے اس سے کے پیچ کا غم بھی نہیں رکھتے ـ ) تعلیم کی دو قسمیں : (280) فرمایا ـ تعلیم دو طرح کی ہوتی ہے ایک تعلیم قولی دوسری تعلیم فعلی اوپر کے معاملات میں مجھ کو خدا نے تعلیم فعلی دی ہے کہ مجھ کو بچہ نہیں دیا ـ اشارہ اس طرف ہے کہ تم اس میں نہ پڑو ـ میں اسلئے اس کو بے ادبی سمجھتا ہوں کہ جس سے خدا نے بچایا ہو میں اس میں اپنے قصد سے مبتلا ہوں ـ