ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
اللہ تعالی کو بد صورت نقطہ تصور کرنا جائز نہیں : (53) فرمایا ـ ایک فلسفی مزاج شخص نے مجھ سے کہا کہ اللہ تعالی کو کسی صورت میں تصور کرنا تو ضروری ہے تو سب سے سہل یہ ہے کہ نقطہ کی شکل میں تصور کریں کہ اس کا استحضار بھی خوب ہو سکتا ہے ـ میں نے کہا ہم اس کے بھی مکلف ہیں کہ اس کو ایسا تصور کریں جس میں عظمت ملحوظ ہو اور بصورت نقطہ تصور کرنے سے عظمت ملحوظ نہیں ہوتی ـ لہذا بصورت نقطہ تصور کرنا جائز نہیں ـ قبر کی مقدرا : (54) آج زوجہ محمد علی صاحب ( برادر زادہ حضرت والا مدظلہم کا طاعون میں انتقال ہوا قبرستان گئے ) فرمایا قبر کی مقدار میں فقہاء کے تین قول ہیں نصف قد اور صدر تک اور پورا قد اور حفرہ اس کے علاوہ ہوگا ـ کیونکہ وہ قبر نہیں ( پھر فرمایا ) صدر تک بہتر ہے کیونکہ زیادہ ہونے میں میت کو رکھتے وقت ذرا تکلیف ہوتی ہے - پہلے لوگ قوی ہوتے تھے ـ ان کو تکلیف نہ ہوتی تھی ـ اس لئے پورے قامت کو احسن کہا گیا ہے ( پھر بآواز بلند فرمایا ) قبر کا گہراؤ دو ہاتھ ہو اور حفرہ کا ایک ہاتھ اور مردہ کو دیوار قبر کا سہارا دیکر قبلہ کی طرف کر دیا جاوے ـ مجلس عام میں سلام کا حکم : (55) بجواب ایک سوال کے ) فرمایا میں مجلس عام میں کسی شغل میں بھی ہوں ایسے وقت سلام کرنا جائز ہے اور یہ ( یعنی تحریر جواب خطوط ) تو کچھ ایسا شغل بھی نہیں اس میں تو خود بھی بولتا ہوں اس لئے اس میں سلام کرنا درست ہے ـ