ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
بر صغیر کے علماء کی خصوصیات : (187) ایک اہل علم نے عرض کیا کہ ہمارے حضرات جیسے بزرگ تو ہندوستان میں نہیں ) بلکہ کل دنیا میں ایسوں کا پتہ نہیں چلتا چنانچہ ایک بزرگ خلیل پاشا ترکی جو شیخ مشہور تھے ـ مکہ معظمہ میں تشریف رکھتے تھے مگر میں ان سے نہیں ملا تھا - میں نے خواب میں دیکھا کہ کوئی بزرگ مجھ سے فرما رہے ہیں تم خلیل پاشا سے کیوں نہیں ملے ـ میں نے خواب ہی میں جواب دیا کہ جب ایک طریق سے مقصد حاصل ہے تو پھر سب طریق کے جمع کرنے کی کیا ضرورت ہے ـ پھر میں نے حضرت حاجی صاحبؒ سے یہ خواب بیان کیا تو حضرت نے فرمایا نہیں کیا حرج ہے جاؤ ان سے ملو ـ میں نے دل میں کہا کہ خواب والے کے کہنے تو نہ جاتا اب آپ فرماتے ہیں تو جاؤں گا ـ میں گیا تو ملاقات ہوئی ـ بڑے بزرگ آدمی تھے ـ انہوں نے فرمایا کہ ہم نے ہندوستان کے علماء میں جو کمال دیکھا ہے وہ اور کسی جگہ کے علماء میں نہیں دیکھا میں نے پوچھا وہ کیا بات ہے ـ فرمایا ان میں اتنی حب دینا نہیں ہے کیونکہ یہ امراء کے پاس نہیں جاتے ـ حضرت آدم علیہ السلام ہندی تھے : (188) فرمایا ـ مکہ میں ایک مجلس میں ایک شخص ہندوستانیوں کو برا بھلا کہنا چاہتا تھا ـ میں نے کہا وہ نا خلف ہیں جو اپنے باپ کی بے حرمتی کریں حضرت آدم تو ہندی تھے ـ وہ اولا ہند یعنی سراندیپ ہی میں اترے پھر مکہ معظمہ تشریف لائے ـ بس صاحب وہ خاموش ہو گیا ـ