ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
مطلب نہ غرض بہشت (1) آنجا کہ آزارے نباشد کسے را با کسے کارے نباشد مولوی شبیر علی سلمہ نے تو ایک مفید انتظام کیا ہے کہ افطار کے واسطے بھی ایک جگہ اجتماع نہیں ہونے دیتے کہ دیا ہے کہ الگ الگ افطار کرو بہت اچھا کیا ـ صحبت بد کا اثر : (250) فرمایا سہارنپور میں بھائی ( اکبر علی صاحب ) کے مکان کے پاس ایک کوٹ انسپکٹر صاحب نے کرایہ پر مکان لیا نہایت نیک آدمی تھے ـ غایت سادگی سے ان کی بیوی خود اپنے ہاتھ سے روٹٰی پکاتی تھیں کوٹتی پیستی تھیں اور بیچاری کے پاس کوئی زیور نہ تھا تب بھی خوش تھی مگر دو چار مرتبہ بھائی کے گھر جو آئی تو دیکھا دیکھی طبیعت بدلنے لگی ـ شوہر سے لڑنا شروع کیا کہ مجھ کو زیور بنوا دو ـ ان کے یہاں تو نوکر لگے ہوئے ہیں مجھ کو بھی ماما دو ـ وطن گئی تو کہا پختہ مکان بنوا دو ـ غرض کہ وہ مصیبت میں پھنس گئے ـ الہ آباد میں ملے تھے کہ ایسے شیخ کامل کی ایسی اچھی صحبت ہوئی کہ میں تو بڑے عذاب میں مبتلا ہو گیا ـ تو غیر ضرورت تعلقات اس قدر مضر ہیں پھر فرمایا کہ ایک تعلقات تو ایسے ہوتے ہیں کہ سراسر ضرر ہیں جیسے صحبت بد اور ایک ایسے ہوتے ہیں کہ ان میں نہ نفع نہ ضرر سو وہ بھی لا یعنی ہیں اور ایک وہ تعلقات جو ضروری ہیں کہ اگر نہ قائم رکھیں تو نقصان ہو ـ پس ان کو ضرور قائم رکھنا 1 ـ بہشت وہ جگہ ہے جہاں کسی قسم کی آزار نہ ہو ، کسی شخص کو کسی سے کچھ سروکار نہ ہو ـ