ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
اگر مشکوۃ پڑھ چکا ہے تو کوئی حدیث اس وقت دے دی کہ اس کی تقریر کرو اس سے زبان بھی کھل جاتی ہے یعنی بولنے کا عادی بھی ہو جاتا ہے اور پڑھانے کا ڈھنگ بھی آ جاتا ہے اور تعلیم کا نقصان بھی نہیں ہوتا ـ غیر ضروری تعلقات بہت مضر ہیں : (249) فرمایا غیر ضروری تعلقات بھی بہت مضر ہیں غیبت تو ضروری ہوتی ہے ـ اگر یہ بھی نہ ہو تو لا یعنی باتیں ضرور ہوں گی اس کا بھی ضرر ظاہر ہے ـ حضرت فرید الدین ؒ فرماتے ہیں ـ دل زپر گفتن بمیرد ور بدن گرچہ گفتارش بود در عدن بہت گفتگو کرنے سے دل بدن میں مر جاتا ہے اگرچہ اس کی گفتگو نہایت شستہ عمدہ ہے زیادہ ہنسی سے بھی قلب مردہ ہو جاتا ہے ـ سلامتی اور راحت کم ملنے جلنے ہی میں ہے ـ امام غزالیؒ نے لکھا ہے کہ دوستوں سے جس قدر نقصان پہنچتا ہے دشمنوں سے نہیں پہنچتا ـ دشمن تو کبھی ایک دفعہ نقصان پہنچا دے گا اور وہ بھی دنیا کا اور دوست تو ہر وقت نقصان پہنچاتے ہیں اور دین کا ـ لوگوں کو تنہائی سے گھبراہٹ اس وجہ سے ہوتی ہے کہ دل و دماغ مقصود سے خالی ہے اس لئے وحشت ہوتی ہے اور جی چاہتا ہے کہ چلو کسی کے پاس بیٹھیں اگر قلب خدا کی محبت سے پر ہوا اور دل میں اس کا خیال رہے تو پھر کسی کے پاس آ نے یا جانے کو جی نہیں چاہے گا ـ مثلا اگر کوئی شخص اپنے محبوب کے پاس بیٹھا لطف حاصل کر رہا ہو اور اس درمیان میں کوئی آ جاوے تو کس قدر گراں گزرتا ہے الحمدللہ یہاں تو سب لوگ الگ تھلگ رہتے ہیں نہ کسی سے کسی کو شکایت ہے نہ بغض نہ حسد نہ