ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
جنت میں ہر شخص جوان ہی ہو کر داخل ہو گا ـ ( ایک اہل علم نے عرض کیا کہ حضورؐ کی نسبت روایت ہے کہ داڑھی ہو گی ) فرمایا مجھ کو تحقیق نہیں لیکن ظاہرا تو رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم تو سب سے زیادہ مستحق ہیں کہ اچھی عمر اور عمدہ شکل میں جنت میں تشریف رکھیں اور وہ شباب کی عمر اور صورت ہے ـ داڑھی کا نہ ہونا تو فی نفسہ حسن ہے ـ ( اور ظرافت کے لہجہ میں فرمایا کہ ) جب ہی تو ساری دنیا داڑھی منڈواتی ہے ـ دندان شکن جواب : (274) فرمایا ـ عبدالرحیم نامی ایک شخص مولانا شہید رحمتہ اللہ علیہ کا ہم سبق تھا - مگر دہری خیال کا تھا ـ ایک دن مولانا شہید رحمتہ اللہ علیہ سے کہا کہ داڑھی تو ایک مد زائد ہے فطری نہیں ہے ـ کیونکہ جب بچہ پیدا ہوتا ہے تو داڑھی نہیں ہوتی والزائد اولی بالحذف ـ مولانا جواب دیا کہ دانت بھی تو فطری نہیں ہیں کیونکہ جب بچہ پیدا ہوتا ہے تو دانت نہیں ہوتے ان کو بھی توڑ دینا چاہیے ـ یہ سن کر مولانا عبدالحی صاحب نے فرمایا کہ واہ مولانا کیا خوب دندان شکن جواب دیا ہے ـ پوری تراویح کے بعد دعاء مانگنا ضروری نہیں : (275) فرمایا ـ ہر چار رکعت تراویح کے بعد یا پوری تراویح کے بعد دعا مانگنا ضروری نہیں - اگر ترک پر ملامت ہونے لگے تو بدعت سمجھی جاوے گی ورنہ جس نماز کے بعد چاہے دعا مانگے اجازت ہے ـ