ملفوظات حکیم الامت جلد 14 - یونیکوڈ |
|
جائے گی ـ حکایت امام اعظمؒ و امام ابو یوسفؒ : (147) فرمایا ایک دفعہ امام صاحبؒ اور امام ابو یوسف ؒ شب کے وقت اونٹ پر سوار جا رہے تھے ـ سواری آرام کی تھی ـ دونوں سو گئے اور ایسے وقت آنکھ کھلی کہ نماز فجر کا وقت تنگ ہو گیا ـ جلدی جلدی اتر کر وضو کیا اور امام صاحب نے امام ابو یوسف کو امام بنا کر نماز پڑھی تو انہوں نے اپنے اجتہاد سے صرف فرض و واجب ادا کئے باقی سنن و مندو بات سب ترک کر دیئے ـ مگر ڈرے کہ شاید امام صاحب ناراض ہوں ـ جب سلام پھیرا تو امام صاحبؒ بہت خوش ہوئے اور فرمایا الحمداللہ یعقوبنا فقیہا (1) حضرت مولانا گنگوہیؒ کی صاف گوئی : (148) فرمایا ـ مولانا گنگوہیؒ بہت صاف گو تھے ـ میں نے ایک مسئلہ لکھا تو فرمایا غلط ہے ـ میں نے کہا مولانا محمد قاسم صاحبؒ نے بھی یہی لکھا ہے ـ فرمایا جب انہون نے لکھا تھا تو میں نے ان سے بھی کہہ دیا تھا کہ یہ غلط ہے ـ دوسرا واقعہ صاف گوئی کا یہ ہے کہ حاجی محمد اعلی صاحب انبہٹوی کا قول کسی نے نقل کیا کہ وہ کہتے ہیں کہ حضرت حاجی صاحبؒ نے مجھ کو سماع کی اجازت دے دی ہے ـ مولانا نے فرمایا یہ وہ غلط کہتے ہیں ـ وہ صحیح کہتے تو حضرت حاجی صاحب نے غلطی کی ہے ـ ( وہ یہ کہ غیر جامع شرائط کو حسن ظن سے اہل خیال فرما لیا ) 1 ـ الحمداللہ ہمارا یعقوب فقیہ بن گیا ـ